پاکستان کے خلاف میچ کو کسی صورت آسان نہیں سمجھا جاسکتا، ڈیل اسٹین

ویب ڈیسک  جمعـء 6 مارچ 2015
کون کتنی وکٹیں لیتا ہے اس سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ کی کارکردگی ٹیم کے کتنے کام آتی ہے، ڈیل اسٹین  فوٹو: اے ایف پی

کون کتنی وکٹیں لیتا ہے اس سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ کی کارکردگی ٹیم کے کتنے کام آتی ہے، ڈیل اسٹین فوٹو: اے ایف پی

آکلینڈ: جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ کسی صورت آسان نہیں ہوگا اور ہمیں یہ میچ جیتنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔

آکلینڈ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈیل اسٹین نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے لئے یہ میچ جیتنا آسان نہیں ہوگا، پاکستانی ٹیم مسلسل 2 میچز جیتنے کے بعد پرعزم ہوگی لہٰذا ہمیں یہ میچ جیتنے کے لئے بھرپور محنت اور منصوبہ بندی کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ میں یا کوئی اور بولر کتنی وکٹیں حاصل کرتا ہے اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ آپ کی کارکردگی ٹیم کے کتنے کام آتی ہے۔

جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈیویلئرز کے حوالے سے ڈیل اسٹین کا کہنا تھا کہ ڈیویلئرز بڑے بیٹسمین ہیں اور بڑا بیٹسمین یہ نہیں دیکھتا کہ باؤنڈری چھوٹی ہے یا بڑی اسی طرح بڑا بولر یہ نہیں دیکھتا کہ وکٹ پر گھاس ہے یا سیدھی وکٹ ہے، اے بی ڈیویلئرز نیٹ پریکٹس کے دوران بھی آپ کو اپنے گُر اور راز نہیں بتاتے جب کہ امید ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف میچ اور اس کے بعد بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔