عزیر بلوچ کی پاکستان حوالگی کیلیے پیش کی گئیں دستاویزات غیر مصدقہ نکلیں

ویب ڈیسک  جمعـء 6 مارچ 2015
عزیر بلوچ کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس افسران کے ویزوں کی معیاد بھی ختم ہونے کو ہے،
فوٹو:فائل

عزیر بلوچ کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس افسران کے ویزوں کی معیاد بھی ختم ہونے کو ہے، فوٹو:فائل

 کراچی: ٍپولیس ٹیم دبئی کی عدالت میں گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کو پاکستانی شہری ثابت کرنے میں تو کامیاب ہوگئی لیکن معاملہ عزیر بلوچ کو عدالت میں مجرم ثابت کرنے پر اٹک گیا جس میں پولیس ناکام ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس ٹیم لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار عزیر بلوچ کی گرفتاری کے لیے دبئی پہنچی تھی تاہم پولیس ملزم کو دبئی کی عدالت میں مجرم ثابت نہ کرسکی۔

پولیس کی جانب سے دبئی حکام کو دی گئی دستاویزات وزارت خارجہ سے تصدیق شدہ نہیں جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے بھی پولیس حکام کو مکمل طور پر ریکارڈ فراہم نہیں کیا جاسکا جس کے باعث دبئی کی عدالت نے ملزم کی حوالگی کے لیے ریکارڈ کو ناکافی قرار دے دیا ہے۔

دوسری جانب عزیر بلوچ کی گرفتاری کے لیے جانے والے پولیس افسران کے ویزوں کی معیاد بھی ختم ہونے کو ہے جب کہ دیگر پولیس افسران پہلے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔