ٹوکیو اولمپکس میں نئے کھیلوں کی شمولیت کا فیصلہ موخر

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 7 مارچ 2015
حتمی اعلان اگست2016 میں ہوگا، ورلڈ اسکواش نے فیصلے کی حمایت کردی۔ فوٹو: فائل

حتمی اعلان اگست2016 میں ہوگا، ورلڈ اسکواش نے فیصلے کی حمایت کردی۔ فوٹو: فائل

لوزانے / جکارتہ: آئی او سی نے ٹوکیو اولمپکس میں نئے کھیلوں کی شمولیت کا فیصلہ موخر کردیا جب کہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے مطابق حتمی اعلان اگست 2016کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آئی او سی کی کوآرڈینیشن کمیٹی ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کھیلوں کی تعداد بڑھانے پر کوئی اعلان نہ کر سکی، حتمی فیصلہ اگست2016 میں اولمپکس کے دوران ہونے والے اجلاس تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر این راما چندرن نے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم چیئرمین آئی او سی کوآرڈینیشن کمیٹی جون کوٹس کے ٹوکیو اولمپکس میں کھیلوں کے ممکنہ اضافے پر وقت بڑھانے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے اپنی بڈ میں واضح طور پر بتا دیاکہ اضافے کیلیے نئے اہل امیدوار کی حیثیت سے اسکواش بالکل تیار ہے، ہمارے لیے وقت اس آگہی سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتا کہ کھیل کیلیے امید کی شمع ابھی تک روشن ہے۔

دوسری طرف اولمپکس میں شمولیت کیلیے ووشو ایک مرتبہ پھر بڈ دیگا، اس کا زیادہ دارومدار افریقہ اور براعظم امریکا میں مقبولیت بڑھنے سے ہے، اس سے قبل اسے ریسلنگ کی شمولیت سے نقصان پہنچا تھا۔ انٹرنیشنل ووشو فیڈریشن کے ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ انتھونی کے مطابق ہم ایک مرتبہ پھر بڈ جمع کرائیں گے، اگست میں آل افریقن گیمز اور 2019 پان امریکن گیمز میں ووشو شامل ہے جس میں شمالی، مرکزی اور جنوبی امریکا کے 41 ممالک شرکت کرتے ہیں۔

واضح  رہے کہ ووشو 2022 اولمپکس میں شمولیت حاصل کرنے والے8 اسپورٹس میں شامل تھا، البتہ آئی او سی نے3گیمز کی مختصر فہرست میں اسے شامل نہیں کیا گیا،2020 اور 2024 اولمپکس میں جگہ کیلیے ستمبر میں ریسلنگ نے اسکواش اور بیس بال/سوفٹ بال پر برتری حاصل کرلی تھی۔ دسمبر میں آئی او سی قوانین میں رد و بدل کی وجہ سے ووشو کے 2020 گیمز میں حصہ لینے کے مواقع موجود ہیں۔ ٹوکیو گیمز آرگنائزرز آفیشل طور پر ایک یا زیادہ کھیلوں کی شمولیت کی درخواست کرسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔