بھارت سے سوائن فلو کی پاکستان منتقلی کا خطرہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 7 مارچ 2015
کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام سرکاری اسپتالوں میں سوائن فلو الرٹ جاری کردیا ہے، فوٹو: فائل

کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام سرکاری اسپتالوں میں سوائن فلو الرٹ جاری کردیا ہے، فوٹو: فائل

کراچی: بھارت میں سوائن فلوکے وبائی صورت اختیار کرنے کے بعد صوبائی محکمہ صحت نے کراچی سمیت سندھ بھرکے تمام سرکاری اسپتالوں میں سوائن فلو الرٹ جاری کردیا ہے اورتمام بڑے اسپتالوں کو ہدایت کی ہے سرکاری اسپتالوں میں فلوکے مرض میں آنے والے مریضوں کے انفلوائینزا این ون ایچ ون کے ٹیسٹ کرائیں جائیں اور ایسے مریضوں کوعلیحدہ سی آئسولیشن وارڈز میں منتقل کیا جائے۔

سوائن فلو وائرس بھارت سے کراچی منتقل ہوسکتا ہے کیونکہ کراچی اوراندرون سندھ سے ہزاروں افراد بھارت جاتے ہیں جو اس وقت سوائن فلوکی لیپٹ میں ہے،الرٹ میں کہاگیا ہے کہ سوائن فلو وائرس میں مبتلا مریض کے چھینکنے اورکھانسی سے وائرس باہر آتا ہے جوکمزورقوت مدافعت رکھنے والے افراد اور بچوں کوفوری متاثر کرتا ہے لہذا تمام سرکاری اسپتالوںکی انتظامیہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیاد پرحفاظتی اقدامات کرے۔

محکمہ کی جانب سے جاری الرٹ میں کہاگیا کہ بھارت سے ملحقہ سرحدی علاقوں میں سوائن فلو سے بچاؤکیلیے خصوصی انتظامات کیے جائیں ۔محکمہ کے اسپیشل سیکریٹری پبلک ہیلتھ ڈاکٹرخالد شیخ نے بتایا کہ سندھ میں اب تک کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تاہم احتیاطی اقدامات کے طور پر یہ سوائن فلوالرٹ جاری کردیا ہے اسپتالوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر آئسولیشن وارڈز منتقل کرکے محکمہ صحت کو مطلع کریں اورایسے مریضوں کو ڈیٹا اور ان کے پتے بھی محکمے کوارسال کیے جائیں تاکہ محکمہ کی جانب سے ان کے گھروں اور علاقوں میں جراثیم کش دواؤں کے اسپرے کرائے جاسکیں۔ انھوں نے کہاکہ نزلہ زکام کے عام مریضوں کو بھی چاہیے کہ وہ کھانستے اور چھینکتے وقت منہ پر رومال یا کوئی کپڑا رکھیں تاکہ جراثیم دوسروں کو نہ لگیں، انفیکشن ڈیزز کی ماہر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین نے بتایا کہ اگر سوائن فلو کا کوئی کیس آگیا تو وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے کیونکہ یہ ایک سے دوسرے فرد کو متاثر کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔