یوحنا آباد میں 2 افراد کو زندہ جلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  بدھ 18 مارچ 2015
نفرت انگیز تقاریر اور مواد کی نشر و اشاعت روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، شہباز شریف

نفرت انگیز تقاریر اور مواد کی نشر و اشاعت روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوحنا آباد میں 2 افراد کو جلائے جانے کے واقعے میں جو بھی ملوث ہوا اسے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

لاہور میں مسیحی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ معاشرے کے لئے مسیحی برادری کی خدمات قابل ستائش ہیں، دہشت گردوں نے آسان ہدف دیکھ کر یوحنا آباد میں گرجا گھروں پر حملہ کیا، یوحنا آباد میں ہونے والے واقعے پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 50 ہزار پاکستانیوں نے جانیں دیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم یکسو ہے۔ سانحہ پشاور کے بعد یوحنا آباد میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی 2 افراد کو جلائےجانے کا واقعہ بھی قابل مذمت ہے، اس اشتعال انگیزی میں جو بھی ملوث ہوا اسے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وزیر اعظم کی سربراہی میں تشکیل دیئے گئے قومی ایکشن پلان پر ملک کی سیاسی عسکری اور مذہبی قیادت ایک صف پر موجود ہے، اس سلسلے میں پنجاب میں نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور منافرت پھیلانے والے مواد کی اشاعت کو روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔