سعودی فضائیہ کا یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر حملہ

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2015
آپریش میں سعودی عرب کیساتھ قطر، کویت، بحرین اوریواے ای بھی شامل ہیں جبکہ امریکانےبھی اتحادیوں کی امداد کااعلان کیاہے. فوٹو: فائل

آپریش میں سعودی عرب کیساتھ قطر، کویت، بحرین اوریواے ای بھی شامل ہیں جبکہ امریکانےبھی اتحادیوں کی امداد کااعلان کیاہے. فوٹو: فائل

صنعاء: سعودی عرب نے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر شدید فضائی بمباری کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی فضائیہ نے یمن کے دارالحکومت صنعاء کے شمال میں الدیلامی ایئر بیس اور اس سے ملحقہ ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ سعودی فضائیہ نے یمن کے صدارتی کمپلیکس اور باغیوں کے دیگر ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ حوثی باغیوں کے خلاف آپریشن میں سعودی عرب کے ساتھ قطر، کویت، بحرین اور یو اے ای بھی شامل ہیں جب کہ امریکا نے بھی حوثی باغیوں کے خلاف اتحادیوں کی امداد کا اعلان کیا ہے، امریکا حوثی باغیوں کے خلاف اتحادیوں کو انٹیلی جنس اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا۔

امریکا میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نے یمن میں فضائی آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نےیمن کے صدر کی مدد کی درخواست پر باغیوں کے خلاف کارروائی کی اور اس آپریشن میں ہمیں امریکا سمیت دیگر اتحادی ممالک کا تعاون بھی حاصل ہے۔

واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ روز یمن کے شہر عدن میں واقع سب سے بڑے فضائی اڈے پر بھی قبضہ کر لیا تھا جب کہ جنوری میں صدارتی محل پر قبضہ کر کے صدر عبدالربوہ منصور ہادی کو بھاگنے پر مجبور کر دیا تھا۔ دوسری جانب حوثی باغیوں نے صدر منصور ہادی کی گرفتاری پر ایک لاکھ ڈالر انعام کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔