آسٹریلیا نے بھارتی سورماؤں کو شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2015
آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3 جب کہ اسٹارک اور جانسن نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3 جب کہ اسٹارک اور جانسن نے 2،2 وکٹ حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سڈنی: آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا یک طرفہ مقابلے کے بعد بھارت کو 95 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا۔

آسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں 329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری بھارتی ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارتی اوپنرز نے 76 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور شیکر دھون 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن صرف 2 رنز کے اضافے پر ویرات کوہلی بھی ایک رن بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ 91 کے مجموعی اسکور پر روہت شرما بھی 34 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ سریش رائنا بھی 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پانچویں وکٹ کے لئے اجنکیا رہانے اور مہندرا سنگھ دھونی کے درمیان 70 رنز کی شراکت ہوئی اور رہانے 44 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے۔ دھونی کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی آسٹریلوی بولرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا اور وہ 65 گیندوں پر 65 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3 جب کہ مچل اسٹارک اور مچل جانسن نے 2،2 وکٹیں حاصل کی، ایک وکٹ جوش ہیزل ووڈ کے حصے میں آئی۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے تاہم دوسری وکٹ کے لئے ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ کے درمیان 182 رنز کی شراکت ہوئی اور اسمتھ سنچری اسکور کر کے 105 رنز پر آؤٹ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی گلین میکس ویل تھے جو 14 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ایشون کا شکار بنے۔ ایک رن کے اضافے کے بعد 233 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ بھی 81 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک 10 رنز سے آگے نہ بڑھے سکے جب کہ جیمز فالکنر نے 12 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ شین واٹسن نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ اننگز کے آخری اوورز میں مچل جانسن نے 9 گیندوں پر 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 328 رنز تک پہنچا دیا۔ بھارت کی جانب سے امیش یادیو نے 9 اوورز میں 72 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ موہت شرما نے 2 اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میگا ایونٹ کا فائنل 29 مارچ کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔