ویرات نے انوشکا کے ارمانوں کا جنازہ نکال ڈالا

ویب ڈیسک  جمعرات 26 مارچ 2015
ویرات کے آؤٹ ہونے  پر انوشکا کو ایسا صدمہ پہنچا کہ وہ چند لمحوں تک سکتے کی کیفیت سے ہی باہر نہ نکل سکیں

ویرات کے آؤٹ ہونے پر انوشکا کو ایسا صدمہ پہنچا کہ وہ چند لمحوں تک سکتے کی کیفیت سے ہی باہر نہ نکل سکیں

سڈنی: کہتے ہیں محبوب اپنی محبوبہ کے لئے آسمان سے تارے توڑ کر لانے کو بھی تیار ہوتا ہے اور آج سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم میں  انوشکا شرما بھی اپنی آنکھوں میں کچھ اسی طرح کے سپنے سجائے اپنے محبوب کا میچ دیکھنے پہنچیں۔

ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ تھا آسٹریلیا سے اوراس میچ سے قبل جہاں بھارتیوں نے اپنی ٹیم کو بھگوان بنا ڈالا وہیں ان کا میڈیا بھی کسی سے  پیچھے نہ تھا اوراگر کوئی بھارتی ٹی وی کھول کر بیٹھ جائے تو لگتا تھا کہ بھارتی سورماؤں کے علاوہ کوئی بھی اس قابل نہیں کہ ورلڈ کپ کو ہاتھ بھی لگا سکے۔ ایسے ہی آنکھوں میں سپنے سجائے ویرات کوہلی کی محبوبہ انوشکا بھی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچیں جہاں میچ شروع ہونے سے قبل ویرات اپنی محبوبہ کے سامنے کسی ہیروسے کم نظر نہ آئے اورلگتا تھا کہ وہ آج ہی ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنی محبوبہ کے نام کردیں گے۔

بالآخروہ لمحہ بھی آگیا جب میچ شروع ہوا اورپہلے بازی کرتے ہوئے کینگروز نے بھارتی سورماؤں کو 329 کا رنز کا ہدف دے ڈالا جس کے بعد ایسا محسوس ہوا کہ مقابلہ ہوگا تو دلچسپ لیکن جب بھارتی سورما میدان میں بلے بازی کرنے آئے تووہ کاغذ کے شیر ہی ثابت ہوئے اور بالی ووڈ حسینہ کی زلفوں کے اسیر ویرات جب اپنی ٹیم کی نیا پار کرنےآئے تو بھارتیوں کے ساتھ ان کی محبوبہ کو بھی شاید یہ امید تھی وہ کینگروز کے چھکے چھڑا دے گا لیکن کیا کہنے کوہلی کہ صرف کھاتا کھول کرہی پویلین لوٹ گئے اوران کے آؤٹ ہونے کے ساتھ انوشکا کو ایسا صدمہ پہنچا کہ وہ چند لمحوں تک سکتے کی کیفیت سے ہی باہرنہ نکل سکیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔