سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی نہیں کر رہے، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 27 مارچ 2015
گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں روکنے سے جو بچت ہوگی اس سے رٹائرڈملازمین کووقت پرپنشن اداکی جائے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی۔ فوٹو: فائل

گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں روکنے سے جو بچت ہوگی اس سے رٹائرڈملازمین کووقت پرپنشن اداکی جائے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی۔ فوٹو: فائل

کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہاہے کہ اوپی ایس افسران کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی نہیں کررہے ہیں۔

عدالتی حکم نامے کو مدنظر رکھتے ہوئے نظام چلانے کیلیے گنتی کے چند او پی ایس افسران کو تکنیکی عہدوں پرتعینات کیا گیا ہے، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے 4شادی ہالز ختم کیے جاچکے ہیں دیگرشادی ہالوں کے کیس عدالت میں ہیں، فیصلوں کی نوعیت دیکھ کرکارروائی کریں گے،بلدیہ عظمیٰ کراچی کے گھوسٹ ملازمین کی تحقیقات جاری ہے،113غیرحاضرسٹی وارڈنز کو معطل کردیا گیا ہے،قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعدان کوملازمت سے برخاست کیاجائے گا،ان ملازمین کی تنخواہیں بند کردی گئی ہیں جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو3کروڑروپے کی سالانہ بچت ہوگی۔

ان خیالات کااظہارانھوںنے گلشن اقبال سٹی وارڈن ہیڈکوارٹرمیں سٹی وارڈن کی شناختی پریڈ پر سیکریٹری بلدیات سندھ عمران عطا سومرو کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اسپیشل سیکریٹری بلدیات عرفان میمن، میٹروپولیٹن کمشنر مسعود عالم اورحکومت کے دیگرافسران بھی موجودتھے،سیکریٹری بلدیات عمران عطا سومرونے کہاکہ گھوسٹ ملازمین کے خلاف پورے سندھ کے بلدیاتی اداروں میں کارروائی کی جا رہی ہے ،شہر میں حالیہ آپریشن کا اس سے کوئی تعلق نہیں، آپریشن شروع ہونے سے قبل ہی وزیر بلدیات نے گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی، ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہاکہ ایک ارب روپے سے بھی زیادہ تنخواہوں کی مد میں خرچ ہورہے ہیں،گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں روکنے سے جو بچت ہوگی اس سے رٹائرڈملازمین کووقت پرپنشن اداکی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔