اب گاڑیاں خود جرمانے اور حادثات سے بچائیں گی

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2015
گاڑی میں نصب سافٹ ویئر رفتار کی حد کو دیکھتے ہوئے بریک لگانے کی بجائے انجن کو ایندھن کی سپلائی کم کر دے گا۔ فوٹو؛ فائل

گاڑی میں نصب سافٹ ویئر رفتار کی حد کو دیکھتے ہوئے بریک لگانے کی بجائے انجن کو ایندھن کی سپلائی کم کر دے گا۔ فوٹو؛ فائل

واشنگٹن: تیز رفتاری اکثر اوقات جرمانے اور حادثات کا باعث بنتی ہے لیکن امریکا کی کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایسی کار تیار کی ہے جو تیز رفتاری پر لگنے والے جرمانے اور حادثات سے بچنے میں خاطر خواہ مدد دے گی۔

امریکی کمپنی فورڈ کی رفتار پر نظر رکھنے والی ٹیکنالوجی اگست میں یورپ میں متعارف کرائی جانے والی دوسری جنریشن کی ’’S-Max ‘‘ نامی کار میں دستیاب ہو گی، جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ کار نہ صرف حادثات میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ اس سے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والے افراد جرمانے سے بھی بچ سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق ’’انٹیلیجنٹ اسپیڈ لیمٹر‘‘ کے نام سے پہچانے جانی والی یہ ٹیکنالوجی کار میں خود بریک استعمال کرنے کے بجائے انجن کو ایندھن کی سپلائی کم کردے گی اور ڈرائیور کے پاس مقررہ حد رفتار سے صرف 8 کلو میٹر تیز گاڑی چلانے گنجائش ہوگی، گاڑی کے پہیوں میں نصب سینسرز کی مدد سے رفتار کا اندازہ ہوگا اور پھر اس کی مدد سے سافٹ ویئر رفتار کی حد کو دیکھتے ہوئے بریک لگانے کی بجائے انجن کو ایندھن کی سپلائی کم کر دے گا۔
اس ٹیکنالوجی کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں ونڈ اسکرین میں ٹریفک نشانات دیکھنے کا سسٹم نصب ہو گا جس کے ذریعے سڑک پر دیکھنے والا کیمرہ کار ڈرائیور کو حد رفتار کے بارے میں خبردار بھی کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔