یمن کی لڑائی میں شریک نہیں ہو رہے لیکن سعودی عرب کا دفاع کریں گے، خواجہ آصف

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2015
یمن کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ ہو گا تو اس میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا، خواجہ آصف فوٹو: فائل

یمن کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ ہو گا تو اس میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا، خواجہ آصف فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے یمن کی لڑائی میں شریک ہونے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا لیکن سعودی عرب کی جغرافیائی حدود کو خطرات لاحق ہوئے تو بھرپور دفاع کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یمن میں لڑائی کے حوالے سے پاکستان کی شرکت پر اپوزیشن کے تحفظات بالکل ٹھیک لیکن بے بنیاد ہیں کیونکہ ہم نے یمن کی جنگ میں شریک ہونے کا کوئی فیصلہ کیا ہی نہیں البتہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اگر اس کی جغرافیائی حدود کو خطرہ لاحق ہوا تو اس کا بھرپور دفاع کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ ہو گا تو اس سے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ لیبیا میں بھی اس وقت جنگ جاری ہے، شام اور عراق میں داعش کے ساتھ جنگ ہو رہی ہے اور اب یمن میں بھی لڑائی ہو چکی ہے لیکن امید ہے کہ عرب لیگ اس مسئلے کا جلد حل نکال لے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔