جوڈیشل کمیشن کے معاہدے میں فل اسٹاپ یا قومہ کی بھی تبدیلی نہیں کی، اسحاق ڈار

ویب ڈیسک  جمعـء 27 مارچ 2015
عمران خان کو چاہیئے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر عمل نہ کریں،اسحاق ڈار۔  فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

عمران خان کو چاہیئے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر عمل نہ کریں،اسحاق ڈار۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ انتخابی دھاندلی کے لئے جوڈیشل کمیشن کے معاہدے میں فل اسٹاپ یا قومے کی بھی تبدیلی نہیں کی گئی تاہم عمران خان کو اس حوالے سے کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت اور تحریک انصاف نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کے آرڈیننس میں لچک دکھائی جب کہ جوڈیشل کمیشن معاہدے میں حکومت کی جانب سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اس لئے عمران خان کو چاہیئے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر عمل نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کنفیوژن کا شکار ہیں جب کہ حکومت مفاہمتی یادداہشت پر قائم ہے لیکن لگتا ہے کہ انہیں کوئی غلط فہمی ہوئی ہے تاہم حکومت جہانگیر ترین کے ساتھ رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حکومت انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام سے پیچھے ہٹی تو سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا اور ہم سڑکوں پر نکلے تو نوازشریف کے لیے حکومت کرنا مشکل ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔