متحدہ نے نائن زیرو سے برآمد ہتھیاروں کے لائسنس جمع کرا دیے

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 28 مارچ 2015
ارکان سندھ اسمبلی جمال احمد اور ریحان ظفر نے نقول محکمہ داخلہ سندھ کو فراہم کیں ۔فوٹوفائل

ارکان سندھ اسمبلی جمال احمد اور ریحان ظفر نے نقول محکمہ داخلہ سندھ کو فراہم کیں ۔فوٹوفائل

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران برآمد ہونے والے ہتھیاروں کے لائسنس کی کاپیاں محکمہ داخلہ حکومت سندھ میں جمع کرا دیں۔

جمعے کو ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی جمال احمد اور ریحان ظفر نے اسلحے کی کاپیاں محکمہ داخلہ حکومت سندھ کے ڈپارٹمنٹ آر اینڈ آئی میں جمع کرائیں، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم متعلقہ 9 تھانوں میں بھی گئے تھے تاہم انھوں نے اسلحہ لائسنس کی کاپیاں لینے سے انکار کر دیا، اس کے بعد ایک نجی کوریئر کمپنی کے ذریعے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ اور متعلقہ 9 تھانوںمیں کاپیاں ارسال کی گئی ہیں۔

ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق متحدہ نے 11 مارچ کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران تحویل میں لیے جانے والے تمام اسلحہ کے لائسنس تمام صوبائی و وفاقی حکام کے حوالے کر دیے ہیں، رابطہ کمیٹی کے رکن اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے تحریری طور پر باقاعدہ ایک فہرست صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ، سیکریٹری داخلہ، آئی جی، ڈی جی رینجرز اور دیگر متعلقہ حکام کو بھیجی گئی ہے۔

اس فہرست میں نائن زیرو سے تحویل میں لیے جانے والے اسلحہ کے 105لائسنس کی کاپیاں، اسلحہ کی نوعیت، لائسنس ہولڈرز کے نام اور لائسنس نمبر درج کیے گئے ہیں، ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رشید گوڈیل نے وزیر اعظم نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں اسلحہ لائسنس کی کاپیاں وزیر اعظم کو بھی فراہم کر دی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔