کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں 4 گینگ وار ملزمان ہلاک، 2 گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 28 مارچ 2015
ملزمان بھتہ خوری، ٹارگٹ كلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم كی وارداتوں میں پولیس كو مطلوب تھے۔ فوٹو: فائل

ملزمان بھتہ خوری، ٹارگٹ كلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم كی وارداتوں میں پولیس كو مطلوب تھے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں گینگ وار کے 4 ملزمان ہلاک جب کہ 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے۔

ایس ایس پی سٹی فدا حسین نے بتایا كہ كھارادر اور چاكیواڑہ كے علاقے میں گینگ وار كے كارندوں كی اطلاع پر پولیس نفری نے مذكورہ علاقوں كا محاصرہ كیا تو گینگ وار كے كارندوں نے فائرنگ شروع كردی تاہم جوابی کارروائی میں گینگ وار كے 2 ملزمان ہلاک ہو گئے جن کی شناخت عبدالمجید بلوچ اور یاسین عرف كانا كے نام سے ہوئی، ہلاک ہونے والے ملزمان كا تعلق بابا لاڈلہ گروپ سے تھا۔

چاكیواڑہ کے علاقے آدم ٹی اسٹاپ كے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلے میں گینگ وار كے 2 كارندے ہلاک ہو گئے جن كی شناخت سلمان عرف سلو اور ارسلان عرف گلو كے نام سے ہوئی، دونوں كا تعلق عذیر بلوچ كے اہم كمانڈر شیراز كامریڈ گروپ سے تھا۔

ایس ایس پی سٹی كا كہنا ہے كہ مارے جانے والے گینگسٹرز كے قبضے سے كلاشنكوف، آوان لانچرز، نائن ایم ایم پستول اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس مقابلے میں ہلاک ملزمان بھتہ خوری، پولیس و دیگر افراد كی ٹارگٹ كلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم كی وارداتوں میں پولیس كو مطلوب تھے۔

دوسری جانب پیر آباد پولیس نے منگھوپیر روڈ پر مقابلے كے دوران 2 ملزمان كو شدید زخمی حالت میں گرفتار كر كے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیكل برآمد كرلی، ایس ایچ او ایاز بروہی نے بتایا كہ ملزمان كی شناخت نادر اور اعظم شاہ كے نام سے ہوئی ہے اور وہ فرنٹیئر كالونی كے رہائشی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔