فٹنس کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا، سرفراز

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 29 مارچ 2015
 میچ کھلانے کے حوالے سے کوچ اورکپتان کا فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوتا ہے، سرفرازاحمد۔فوٹو: اے ایف پی/فائل

میچ کھلانے کے حوالے سے کوچ اورکپتان کا فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوتا ہے، سرفرازاحمد۔فوٹو: اے ایف پی/فائل

 کراچی: ورلڈکپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفرازاحمد نے کہا ہے کہ میری کوشش ہو گی کہ مستقبل میں بھی اپنی ذمے داری احسن طریقے سے انجام دینے کی کوشش کروں، کپتان یا نائب بنانا میرا نہیں پی سی بی کا کام ہے۔

فٹنس کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔انھوں نے ان خیالات کا اظہارنمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سرفرازاحمد نے کہاکہ میچ کھلانے کے حوالے سے کوچ اورکپتان کا فیصلہ باہمی مشاورت سے ہوتا ہے، ورلڈکپ سے قبل نیوزی لینڈ کیخلاف میری کارکردگی قابل ذکر نہیں رہی تھی، شاید اسی بنا پرابتدائی میچز میں موقع نہیں مل سکا۔

کوچ وقار یونس، کپتان مصباح الحق، یونس خان اور شاہد خان آفریدی نے ہر موقع پر میری رہنمائی اورحوصلہ افزائی کی،پاکستان کے لیے کھیل کر بہت خوشی ہوتی ہے، جب بھی موقع ملا بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ۔

آئندہ بھی اسی اسپرٹ کا مظاہرہ کروں گا، انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں سنچری بناکر مسرت ہوئی،اس موقع پر عمر اکمل کی اسپورٹس مین اسپرٹ کوقدرکی نگاہ سے دیکھتا ہوں،جنوبی افریقہ کیخلاف ہاشم آملا کا ڈائیونگ کیچ بھی یاد گار رہے گا، انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں شین واٹسن کے ساتھ میں بھی وہاب ریاض کا آخری اسپیل کبھی نہ بھول پائوں گا، سرفراز نے کہا کہ والدین اور مداحوں کی پرخلوص دعائیں اثاثہ ہیں، جلد ہی سہرا باندھ لوں گا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ میرے فیورٹ وکٹ کیپر راشد لطیف اور معین خان ہیں،ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا،والد کی خواہش کے احترام میں قرآن پاک کو حفظ کرنے کا شرف حاصل ہوا،ایک سوال پر سرفرازاحمد نے کہا کہ کرکٹ کا سیزن ہو یا نہیں فٹنس اور پریکٹس پربھرپور توجہ ہوتی ہے، میں بلا ناغہ ٹریننگ کرتا ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔