یمن سے 503 پاکستانی خصوصی پروازکے ذریعے وطن واپس پہنچ گئے

ویب ڈیسک  پير 30 مارچ 2015
وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پاکستان پہنچنے والوں کو گلدستے پیش کئے گئے۔ فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس نیوز

وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے پاکستان پہنچنے والوں کو گلدستے پیش کئے گئے۔ فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس نیوز

 کراچی: یمن سے پاکستانیوں کے انخلا کے پہلے مرحلہ میں پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے 503 پاکستانیوں کو بحفاظت واپس وطن پہنچا دیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یمن کے حدیدہ ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 7002 کے ذریعے  503 پاکستانیوں کو کراچی ایئرپورٹ لایا گیا جہاں مسافروں کے اہل خانہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔  بعد ازاں طیارہ 339 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچا جہاں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے وطن واپس پہنچنے والے پاکستانیوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی کوششوں کے باعث  پاکستانیوں کی وطن واپسی کو ممکن بنایا گیا۔ وزیراعظم یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پھنسے ہوئے تمام پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

واضح رہے یمن میں محصور دیگر پاکستانیوں کی واپسی کے لئے  دوسرے مرحلے میں پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کل روانہ ہوگا اس کے علاوہ پاک بحریہ نے بھی یمن میں محصور پاکستانیوں کی مدد کے لئے ایک فریگیٹ جہاز کراچی کی بندر گاہ سے روانہ کردیا ہے جو ضرورت پڑنے پر یمن میں موجود پاکستانیوں کے انخلا کا کام سرانجام دے گا۔۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔