قومی لائحہ عمل کے تحت مختلف جرائم میں ملوث 32 ہزار سے زائد افراد گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2015
قومی لائحہ عمل کے تحت 61 مجرمان کو پھانسی دی گئی جن میں سے 47 کو پنجاب، 11 کو سندھ، ایک کو خیبرپختونخوا اور 2 مجرمان کو آزاد کشمیرمیں تختہ دار پر لٹکایا گیا، رپورٹ  فوٹو: فائل

قومی لائحہ عمل کے تحت 61 مجرمان کو پھانسی دی گئی جن میں سے 47 کو پنجاب، 11 کو سندھ، ایک کو خیبرپختونخوا اور 2 مجرمان کو آزاد کشمیرمیں تختہ دار پر لٹکایا گیا، رپورٹ فوٹو: فائل

اسلام آباد: دہشت گردی کے خلاف قومی لائحہ عمل کے تحت ملک بھر میں کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کو پیش کر دی گئی جس کے مطابق اب تک مختلف الزامات کے تحت 32 ہزار 347 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وزیر اعظم کو ارسال کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی پنجاب میں 14 ہزار 791، سندھ میں 5 ہزار 517، خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 461، بلوچستان میں 84، اسلام آباد میں 405، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 394، گلگت بلتستان میں 83 اور فاٹا میں 91 کارروائیوں میں مختلف الزامات کے تحت 32 ہزار 347 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران 61 مجرمان کو پھانسی دی گئی جن میں سے 47 کو پنجاب، 11 کو سندھ، ایک کو خیبرپختونخوا اور 2 مجرمان کو آزاد کشمیرمیں تختہ دار پر لٹکایا گیا، اشتعال انگیز تقاریر اور مواد کی تشہیر پر مجموعی طور پر 887 مقدمات درج کئے گئے جب کہ وفاقی تحقیقی ادارے نے حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقم کی ترسیل پر 64 مقدمات درج کئے اور 83 افراد کو گرفتار کر کے 10 کروڑ 17 لاکھ روپے برآمد کئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام کارروائیوں کے دوران 18 ہزار 855 افغان پناہ گزینوں کو وطن واپس بھیجا گیا جب کہ 3 لاکھ 54 ہزار 672 کا اندراج کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔