8 حساس یوسیز میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

اسٹاف رپورٹر  پير 30 مارچ 2015
وزیر اعلی سندھ نے حساس یونین کو نسلوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، کمشنر کراچی شعیب احمد۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلی سندھ نے حساس یونین کو نسلوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں، کمشنر کراچی شعیب احمد۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کی8 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم آج (پیر) سے شروع ہوگی، وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر کمشنر کراچی کی نگرانی میں شروع کی جانے والی مہم ایک ہفتہ تک جاری رہے گی، 2 ہفتے بعد پھر ایک ہفتہ کے لیے حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی۔

کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدرت کر تے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ نے حساس یونین کو نسلوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں او راس سلسلے میں انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیس کو حساس یو نین کونسلوں میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصو صی کمیٹی قائم کی ہے جو وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق ترجیحی اقدامات کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے تک مہم جاری رہے گی، اجلاس میں کراچی کی 8 حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم کا جائزہ لیا گیا، جن یونین کونسلوں میں پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، ان میں مظفرآباد، مسلم آباد، گجرو، سونگل، منگھوپیر، اتحاد ٹاؤن، چشتی نگر اور اسلامیہ کالونی شامل ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ نے اجلاس میں حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کے لیے کمشنر کراچی کی کوششوں کو سراہا، انھوں نے کہا کہ کمشنر کراچی نگرانی میں کی جانے والی کو ششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس یونین کونسلوں میں 2 لاکھ 40 ہزار 955بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے،اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ موبائل ٹیموں کے بجائے فیمیل کمیونٹی والنٹئرز پولیو کے قطرے پلانے کی مہم میں حصہ لیں گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیاکہ اس موقع پر آٹھ یونین کونسلوں میں ہیلتھ کیمپ بھی لگائے جائیں گے جہاں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ مہم ہر پندرہ روز بعد ہوگی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کی آٹھ حساس یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم ایک ہفتہ کے لیے پیر سے شروع ہوگی جو چار اپریل تک جاری رہے گی، اجلاس میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اعجاز عالمی ادارہ صحت یونیسف کے نمائندے انتظامیہ اور پولیس کے افسران اور متعلقہ ٹاؤن ہیلتھ افسران بھی مو جو د تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔