کنٹونمنٹ بورڈز بلدیاتی انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی کی وصولی شروع

اسٹاف رپورٹر / آئی این پی  پير 30 مارچ 2015
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی29 سے 31 مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی29 سے 31 مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ: ملک بھر میں 25 اپریل کو ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوگیا جو منگل31 مارچ تک جاری رہے گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی29 سے 31 مارچ تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔2 سے 4 اپریل تک جمع کرائے گئے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال اور6 اپریل تک کاغذات مسترد ہونے پراعتراضات دائر کیے جا سکتے ہیں۔9 اپریل کو اپیلوں پر فیصلے دیے جائیں گے جبکہ 10 اپریل کو امیدوارکاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ 11 اپریل کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔ملک کے کئی شہروں میں قائم 42کینٹ بورڈزمیں199وارڈزتشکیل دیے گئے ہیں اور ہروارڈکی ایک جنرل نشست پرانتخاب کرایا جائے گا۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے 10کنٹونمنٹ ایریاز میں 30 وارڈز بنائے گئے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں 21 کنٹونمنٹ بورڈ کیلیے116 وارڈ،صوبہ سندھ کے 8 کنٹونمنٹ بورڈمیں 44 وارڈ اورصوبہ بلوچستان میں قائم3 کنٹونمنٹ بورڈمیں 9 وارڈبنائے گئے ہیں۔

کنٹونمنٹ بورڈز میں جنرل نشستوں پر انتخابات 25 اپریل کوکرائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹ بورڈزمیں بلدیاتی انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا وزیراعظم، سینیٹ کے چیئرمین وڈپٹی چیئرمین،اسمبلی کے اسپیکروڈپٹی اسپیکر، وفاقی وزرا اور دیگر حکومتی عہدیداران کسی بھی امیدوارکی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے اورنہ ہی انتخابات کے دوران کسی وارڈ یا کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کریں گے۔ پولنگ اسٹیشن کی حدودکے200 میٹر کے اندر ووٹ دینے کے لیے کسی کو قائل کرنایا ووٹ دینے سے روکنا،مخصوص جگہ کے علاوہ کسی جگہ پرکسی قسم کا نوٹس، نشان، بینراورجھنڈا آویزاں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

وفاقی اورصوبائی حکومتوں پراخبارات اوردیگر ذرائع ابلاغ پرسرکاری خزانے سے اشتہارات دینے کے اجرا پر پابندی ہوگی۔ کینٹ بورڈ میں کاغذات جمع کروانے کے دنوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی کے چھ کنٹونمنٹ بورڈز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے13امیدواروں نے کاغذات نامزدگیاں جمع کرادی ہیں، کنٹونمنٹ بورڈ کراچی میں ایک ، کلفٹن میں پانچ ، فیصل میں چار، ملیر میں تین ، کورنگی اور منوڑہ میں کوئی کاغذات نامزدگی جمع نہیں ہوا فیصل کنٹونمنٹ بورڈمیں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 54ہزار 53ہے، منوڑا میں 2 ہزار 516 ووٹرز ہیں اور دوکونسلرز نشستیں ہیں، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں ایک لاکھ 42 ہزار 844 ووٹرز جبکہ10کونسلرز نشستوں پر انتخابات منعقد ہوں گے، کراچی کنٹونمنٹ بورڈ میں35ہزار 679ووٹرز ہیں اور پانچ نشستیں ہیں، ملیرکنٹونمنٹ بورڈ میں 29 ہزار 661 ووٹرز تین کونسلرز نشستوں پر اپنے حق رائے دہی کا اندراج کریں گے، کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 17 ہزار 949 ہے جو دو نشستوں پر ووٹ اندراج کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔