یمن سے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے دوسری پرواز کی روانگی موخر، 2 بحری جہاز روانہ

ویب ڈیسک  پير 30 مارچ 2015

 کراچی: یمن میں محصور پاکستانیوں کے لئے جانے والے دوسری پرواز کی روانگی موخر کردی گئی ہے تاہم عدن میں موجود پاکستانیوں کی واپسی کے لئے 2 بحری جہاز روانہ کردیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یمن میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے قومی ایئر لائن کی دوسری خصوصی پرواز کو منگل کی صبح روانہ ہونا تھا تاہم ناگزیر وجوہات کی بنا پر اب اس کی روانگی موخر کردی گئی ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ جنوبی یمن کے شہر عدن میں اس وقت 2 سو پاکستانی موجود ہیں جنہیں واپس لانے کے لئے پاک بحریہ کے 2 جہاز روانہ کردیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ یمن کی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کو واپس لانے کابھی فیصلہ کیاگیا ہے، اس سلسلے میں یمنی حکام سے رابطہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپس آنے والے  قیدی اپنی قیدکی مدت پاکستان میں پوری کریں گے۔

واضح رہے کہ یمن کے شہر حدیدہ سے گزشتہ شب 504 پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ہے جب کہ اب بھی مختلف علاقوں میں 2ہزار 500 سے زائد پاکستانی محصور ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔