سندھ پولیس میں اعلیٰ سطح پر تقرر و تبادلوں میں 7 ڈی آئی جیز تبدیل

ویب ڈیسک  پير 30 مارچ 2015
ڈاکٹر جمیل احمد کو ڈی آئی جی ساؤتھ اور فیروز شاہ کو ویسٹ تعینات کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

ڈاکٹر جمیل احمد کو ڈی آئی جی ساؤتھ اور فیروز شاہ کو ویسٹ تعینات کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

 کراچی: سندھ پولیس میں اعلیٰ سطح پر سینئر افسران کے تقرر و تبادلے کردیئے گئے جس کے تحت 7 ڈی آئی جیز کو تبدیل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ پولیس کے 7 سینئر ڈپٹی انسپکٹر جنرلز کے تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں جس کے تحت ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کو تبدیل کرکے انہیں محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر جمیل احمد کو تعینات کیا گیا ہے اسی طرح ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن (ر) طاہر نوید کو بھی محکمہ سروسز میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے فیروز شاہ کو ڈی آئی جی ویسٹ تعینات کردیا گیا ہے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سےجاری نوٹی فکیشن کے مطابق جاوید اختر اوڈھو ڈی آئی جی میرپور خاص جب کہ کامران افضل ڈی آئی جی سکھر کے طور پر اپنے فرائض انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی آپریشن کے باعث وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے ایپکس کمیٹی کی اجازت کے بغیر کسی اعلیٰ پولیس افسر کے تبادلے نہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر سندھ حکومت نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔