اسٹاک مارکیٹ انتظامیہ کو افواہوں کی فوری تردید کا حکم

نمائندہ ایکسپریس  منگل 31 مارچ 2015
غیرمعمولی صورتحال سے ایس ای سی پی کو فوری آگاہ کیا جائے،چیئرمین ایس ای سی پی۔ فوٹو: فائل

غیرمعمولی صورتحال سے ایس ای سی پی کو فوری آگاہ کیا جائے،چیئرمین ایس ای سی پی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان ظفر حجازی نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی اسٹاک ایکس چینجز کی انتظامیہ کو اسٹاک مارکیٹ میں ہونے والے لین دین کی موثر نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس ضمن میں چیئرمین ایس ای سی پی کی جانب سے تینوں اسٹاک مارکیٹوں کے مینجنگ ڈائریکٹرز کو خطوط ارسال کیے گئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ تمام اسٹاک مارکیٹس کی انتظامیہ مارکیٹ پر اثر انداز ہونے والی افواہوں کی فوراً تردید یا وضاحت بھی جاری کرے، مارکیٹ میں ہونے والی کسی بھی غیرمعمولی صورت حال سے ایس ای سی پی کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔

چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹیں اتار چڑھاؤ پر نظر رکھیں اور خاض طور پر سرمایہ کاروں کی آگہی اور ان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں، اسٹاک مارکیٹیں ایس ای سی پی کے ساتھ رابطے میں رہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں ہونے والے لین دین اور مارجن کی رپورٹ جمع کرائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس ای سی پی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گا تاکہ مارکیٹ پرسرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رکھا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔