پاکستان اسٹیل نے 2 ایم ایم کے ہاٹ رولڈ کوائلز بنانا شروع کردیے

بزنس رپورٹر  منگل 31 مارچ 2015
اس سے قبل پاکستان اسٹیل میں3 ملی میٹر تا12ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائلز تیار کیے جاتے تھے۔ فوٹو: فائل

اس سے قبل پاکستان اسٹیل میں3 ملی میٹر تا12ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائلز تیار کیے جاتے تھے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹیل نے مقامی مارکیٹ کے لیے2 ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائلز بنانا شروع کردیے ہیں جس سے مقامی صنعتوں کو کم سے کم نرخوں پر خام مال کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان اسٹیل میں3 ملی میٹر تا12ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائلز تیار کیے جاتے تھے۔ ترجمان پاکستان اسٹیل نے بتایا کہ2 ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائل کا استعمال مقامی گاڑیوں کے ’’رم‘‘ و دیگر اقسام کے فارمنگ سیکشنز وغیرہ بنانے میں کیا جاتا ہے جبکہ اسی سائز کے ہاٹ رولڈ کوائلز پائپ انڈسٹری میں ’’اسٹیل پائپ‘‘ بنانے میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق انڈسٹری کے لیے2 ملی میٹر کے خام مال’’ہاٹ رولڈ کوائل‘‘ کی مقامی پیداوار نہ ہونے کے باعث بیرونِ ملک سے درآمد کرنا پڑتے تھے جس پر ڈالر کی صورت میں ملک کا کثیر زرمبادلہ خرچ ہوتا تھا لیکن اب پاکستان اسٹیل میں2 ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائلز کی تیاری سے نہ صرف پاکستان اسٹیل کی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی آٹو اور پائپ انڈسٹری کو بھی سستا خام مال میسر آسکے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ نے مقامی اسٹیل مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے2 ملی میٹر سائز کے ہاٹ رولڈ کوائل کی تیاری ممکن بنانے کے لیے اعلیٰ اور عمدہ معیار کا میٹالرجیکل کول اور آئرن اوور بیرون ملک سے درآمد کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان اسٹیل نے 1.6ایم ایم کے تھن پروفائل کے ہاٹ رولڈ کوائلز بنانے کی تیاری بھی کرلی ہے، انتظامیہ پرامید ہے کہ مقامی اسٹیل مارکیٹ کی طلب کے مطابق ہاٹ رولڈ کوائل کی تیاری سے ادارے کی اسٹیل مصنوعات کی فروخت اورآمدنی میں اضافے کے نتیجے میں پاکستان اسٹیل کے مالی بحران میں نہ صرف کمی ہوگی بلکہ ادارے کو خود کفیل بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔