ریاض الدین نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر کا چارج سنبھال لیا

بزنس ڈیسک  منگل 31 مارچ 2015
ریاض الدین مرکزی بینکاری کا لگ بھگ 20برس کا تجربہ رکھتے ہیں۔ فوٹو: فائل

ریاض الدین مرکزی بینکاری کا لگ بھگ 20برس کا تجربہ رکھتے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر کی حیثیت سے ریاض الدین نے چارج سنبھال لیا۔

مرکزی بینک سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی حکومت نے 28 مارچ 2015 کو ریاض الدین کے بطور ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تقرر کی مدت 3 سال ہوگی جو ان کے چارج سنبھالنے کی تاریخ سے شمار ہوگی، ڈپٹی گورنر کا چارج سنبھالنے سے قبل ریاض الدین اسٹیٹ بینک کے اقتصادی مشیر اعلیٰ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے اور بینک کے زری پالیسی گروپ کے شعبوں کی سربراہی کررہے تھے۔

ریاض الدین مرکزی بینکاری کا لگ بھگ 20برس کا تجربہ رکھتے ہیں، وہ 1994میں اسٹیٹ بینک سے وابستہ ہوئے اس سے قبل انہوں نے جامعہ کراچی کے اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر ریسرچ اکانومسٹ ذمے داریاں نبھائیں، ریاض الدین جامعہ کراچی اور بوسٹن یونیورسٹی، امریکہ سے شماریات، معاشیات اور اقتصادی پالیسی میں ماسٹرز کی سند رکھتے ہیں، ان کے بھرپور تجربے میں آئی ایم ایف اور عالمی بینک سمیت مختلف بین الاقوامی اور کثیر فریقی ایجنسیوں کے حکام سے گفت و شنید شامل ہے، وہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اسٹیٹ بینک کی ٹیکنیکل ٹیم کی قیادت اور پالیسی کی سطح کی بات چیت میں اسٹیٹ بینک کی نمائندگی کرتے رہے ہیں، ان کے کریڈٹ پر متعدد تحقیقی کام ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔