فواد احمد کی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے دروازے پر دستک

اسپورٹس ڈیسک  منگل 31 مارچ 2015
فواد نے حالیہ شیفلڈ شیلڈ سیزن میں 24.85 کی اوسط سے 48 وکٹیں لے کر آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے دورازے پر دستک دے دی۔ فوٹو: فائل

فواد نے حالیہ شیفلڈ شیلڈ سیزن میں 24.85 کی اوسط سے 48 وکٹیں لے کر آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے دورازے پر دستک دے دی۔ فوٹو: فائل

میلبورن: مئی میں دورہ ویسٹ انڈیز اور پھر انگلینڈ میں شیڈول ایشز سیریز کیلیے آسٹریلوی اسکواڈ کا اعلان منگل کو متوقع ہے، پاکستان میں پیدا ہونے والے افغان لیگ اسپنر فواد احمد نے ٹیسٹ ٹیم کے دروازے پر دستک دے دی۔

ورلڈ کپ کے ہیرو گلین میکسویل کے منتخب ہونے کا کوئی امکان نہیں، جیمز پیٹنسن کی عدم دستیابی پر پیٹر سڈل کو موقع ملے گا ، وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے معاون کی جگہ نیوساؤتھ ویلز کے پیٹر نویل کو ملے گی۔تفصیلات کے مطابق مئی میں دورئہ ویسٹ انڈیز اور جولائی میں شیڈول ایشز سیریز کیلیے آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان منگل کو ہو سکتا ہے، پاکستان میں پیدا ہونے والے افغان لیگ اسپنر فواد احمد کی شمولیت کا امکان روشن ہوگیا، انھیں2013 کی ایشز کے موقع پر آسٹریلوی شہریت ملی لیکن نوجوان ایشٹون ایگر کو ان پر فوقیت دی گئی۔

فواد نے حالیہ شیفلڈ شیلڈ سیزن میں 24.85 کی اوسط سے 48 وکٹیں لے کر آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے دورازے پر دستک دے دی، وہ چیمپئن سائیڈ وکٹوریہ میں شامل رہے، سلیکٹرز مئی میں 2 ٹیسٹ کیلیے دورئہ ویسٹ انڈیزکی16 رکنی ٹیم منتخب کریں گے، اس کے فوری بعد انگلینڈ میں ایشز سیریز کیلیے ریان ہیرس کی شمولیت سے اسکواڈ میں ارکان کی تعداد 17 ہوجائے گی، ماضی میں پاکستانی نژاد عثمان خواجہ بھی آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

ورلڈ کپ کے سپراسٹار گلین میکسویل کی جگہ نہیں بن پائے گی تاہم وہ مستقبل کی ٹیسٹ الیون کیلیے نظر میں رہیں گے، نیوساؤتھ ویلز کے وکٹ کیپر فل نویل، بریڈ ہیڈن کے معاون ہوں گے،آسٹریلوی ٹیم مئی کے اواخر میں ویسٹ انڈیز پہنچے گی، جہاں2 ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز5جون کو ہوگا جس کے بعد کینگرو دستہ برطانیہ واپس آجائے گا، جہاں پانچ ٹیسٹ پر مشتمل ایشز کی شروعات کارڈف میں8 جولائی کو ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔