مقبوضہ کشمیرمیں شدید بارشوں کے باعث 8 افراد جاں بحق

اے پی پی  منگل 31 مارچ 2015
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے 72 گھنٹے تک موسم میں بہتری کا امکان نہیں ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے 72 گھنٹے تک موسم میں بہتری کا امکان نہیں ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں سے ایک بار پھر سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور بارشوں کی وجہ سے مکان گرنے سے کم از کم 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بڈگام میں گزشتہ 3 روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں چرار شریف کے علاقے میں 4 مکانات گرنے سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں، ملبے سے 8 لاشیں نکال لی گئی ہیں، جموں کشمیر حکومت نے سری نگر اور سنگم میں جہلم کے پانی کی سطح خطرے کا نشان پار ہونے کے بعد سرکاری طور پر سیلاب کا اعلان کر دیا ہے، ساتھ ہی حکومت نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

انتظامیہ نے سری نگر میں امدادی کیمپ قائم کر دیے ہیں، اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو بند کر دیا گیا ہے اور تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، دریں اثنا مقامی انتظامیہ نے کلگام ، پلوامہ ، بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، گاندربل اور کرگل اضلاع میں مٹی کے تودے گرنے کی وارننگ جاری کی ہے اور لوگوں کو متعلقہ علاقوں میں سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، بڈگام اور پونچھ میں نچلے علاقوں میں پانی بھرنے کے بعد وہاں سے لوگوں کو نکالنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آنے والے 72 گھنٹے تک موسم میں بہتری کا امکان نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔