یمن کی صورتحال، وزیردفاع خواجہ آصف کی قیادت میں وفد سعودی عرب پہنچ گیا

ویب ڈیسک  منگل 31 مارچ 2015
سعودی عرب روانہ ہونے والا وفد وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور عسکری حکام پر مشتمل ہے۔ فوٹو: فائل

سعودی عرب روانہ ہونے والا وفد وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور عسکری حکام پر مشتمل ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر وزیر دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام پر مشتمل وفد سعودی عرب پہنچ گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ائیرمارشل مجاہد سمیت اعلیٰ سیاسی اور عسکری حکام پر مشتمل 7 رکنی وفد راولپنڈی کی نورخان ایئر بیس سے خصوصی پرواز کے ذریعے ریاض پہنچا جہاں سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان السعود اور پاکستانی سفیر منظورالحق اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن خیام اکبر نے وفد کا استقبال کیا۔ پاکستانی وفد سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا جس میں مشرق وسطیٰ اور بالخصوص یمن کی صورتحال پر بات کی جائے گی جب کہ وفد وطن واپس آنے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کو دورہ سعودی عرب سے متعلق رپورٹ پیش کرے گا۔

ریاض روانگی سے قبل وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا بڑا بھائی ہے جس نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے، سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کی حفاظت کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔