تحریک انصاف کے غنڈوں نے الطاف حسین کی تصاویر پھاڑنے کیساتھ مغلظات بھی بکیں، حیدرعباس

ویب ڈیسک  منگل 31 مارچ 2015

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدرعباس رضوی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے جناح گراؤنڈ عزیزآباد میں شرانگیزی کی جس کی مذمت کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے حیدرعباس رضوی کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کے ساتھ چند غنڈہ عناصر اچانک عزیزآباد آئے جنہوں نے الطاف حسین کی آویزاں تصاویر پھاڑیں اور شہدا کی یادگار پر پارٹی قائد کے خلاف مغلظات بکیں جو کہ کارکنان کو مشتعل کرنے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 246 میں الطاف حسین کے چاہنے والے رہتے ہیں جب کہ گزشتہ 30 سال سے اس حلقے سے ایم کیو ایم ہی کامیاب ہوتی آرہی ہے اور اس بار پھر کنور نوید جمیل بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، این اے 246 ایم کیو ایم کا مضبوط گڑھ ہے اس لئے ضمنی انتخاب میں ہمیں کسی سے کوئی خطرہ نہیں۔

حیدرعباس رضوی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل سمیت کسی رہنما کو جناح گراؤنڈ میں کوئی روک ٹوک نہیں تھی جب کہ  ہم نے کبھی کسی سیاسی جماعت کے دفتر کے سامنے جلسہ نہیں کیا اس لئے چاہتے ہیں کہ حلقے میں پرامن طور پر انتخابات ہوں جس کے لئے ضابطہ اخلاق طے کرنا چاہئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔