روسی ریاست داغستان میں انسانی شکل کے میمنے کی پیدائش

ویب ڈیسک  بدھ 1 اپريل 2015
بھیڑ کے بچے کا باقی جسم تو میمنے جیسا ہی تھا لیکن اس کاچہرہ کسی غصیلے بوڑھے انسان جیسا ہے۔ فوٹو: فائل

بھیڑ کے بچے کا باقی جسم تو میمنے جیسا ہی تھا لیکن اس کاچہرہ کسی غصیلے بوڑھے انسان جیسا ہے۔ فوٹو: فائل

ماسکو: روسی ریاست جمہوریہ داغستان کے ایک گاؤں میں پیدا ہونے والے میمنے کی عجیب وغریب شکل نے ہر دیکھنے والے کو دہشت زدہ کردیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جمہوریہ داغستان کے گاؤں چرکا سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ کسان بلیسیئس لاورنتیو کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بھیڑ کے ہاں میمنے کی پیدائش کا بے صبری سے منتظر تھا لیکن جب وہ نومولود میمنے کو دیکھنے پہنچا تو خوف سے ان کا دل بیٹھ گیا۔انھوں نے بتایا کہ ان کے سامنے جو چھوٹا سا جانور تھا اس کا باقی جسم تو میمنے جیسا ہی تھا لیکن اس کاچہرہ کسی غصیلے بوڑھے انسان جیسا تھا اور یہ گھور گھور کر انھیں دیکھ رہا تھا۔

بلیسیئس کا کہنا ہے کہ جب ان کے ہواس بحال ہوئے تو وہ انسانی چہرے اور لمبی ناک والے میمنے کے قریب گئے اور اسے غیر متوقع طور پر معصوم اور پیار کرنے والا پایا۔ انھوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اسے ہلاک نہیں ہونے دیں گے اور اس کا خیال رکھیں گے۔ جب اس عجیب الخلقت میمنے کی خبر پھیلی تو دور و نزدیک سے سیکڑوں لوگ اسے دیکھنے کے لیے جمع ہو گئے اور تاحال اسے دیکھنے والوں کا تانتا بندھا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔