نائجیریا کے صدارتی انتخاب میں سابق جنرل محمد بخاری کامیاب

ویب ڈیسک  بدھ 1 اپريل 2015
محمد بخاری کی کامیابی کے بعد نائجیریا کی سڑکوں پر سابق جنرل کے حامی جشن منا رہے ہیں۔  فوٹو: فائل

محمد بخاری کی کامیابی کے بعد نائجیریا کی سڑکوں پر سابق جنرل کے حامی جشن منا رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

ابوجا: نائجیریا کے صدارتی انتخاب میں سابق جنرل اور آل پروگریسیو کانگریس (اے پی سی) کے رہنما محمد بخاری نے کامیابی حاصل کرلی جو ملک کی تاریخ میں کسی بھی حزب اختلاف کی جماعت کی پہلی فتح ہے۔

نائجیریا کے الیکٹورل کمیشن کے مطابق محمد بخاری نے ملک کی 36 ریاستوں کے دو تہائی حصوں میں گڈلک جوناتھن سے 25 فیصد زیادہ ووٹ حاصل کئے اور انہیں مجموعی طور پر 20 لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی، انھیں زیادہ برتری ملک کی شمال مغربی ریاستوں میں حاصل ہوئی جہاں شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی جانب سے سب سے زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔

صدارتی انتخاب میں محمد بخاری کی کامیابی کے بعد نائجیریا کی سڑکوں پر سابق جنرل کے حامی جشن منا رہے ہیں تاہم اے پی سی نے اپنے بیان میں حامیوں کو مخالفین پر کسی قسم کے حملے کرنے سے منع کیا ہے جب کہ گڈلک جوناتھن نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے محمد بخاری کو مبارک باد دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔