ملازمت محفوظ بنانے کےآسان طریقے

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2015
آپ ترقی کی سیڑھیاں چڑھنا چاہتے ہیں تو کمپنی کے متعلق بھرپور معلومات حاصل کیجئے، فوٹو:فائل

آپ ترقی کی سیڑھیاں چڑھنا چاہتے ہیں تو کمپنی کے متعلق بھرپور معلومات حاصل کیجئے، فوٹو:فائل

لندن: ماہرین کہتے ہیں کہ بہتر ملازمت کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری ہے کہ آپ خود کو مسلسل تبدیلی کے لیے تیار رکھیں اس کے لیے نئے ہنر سیکھیں اور خود کو مختلف سمتوں میں منظم کرنے کی کوشش کریں جب کہ ہیومن ریسورسزمنیجرزاور ملازمتیں دینے والے اداروں کے منتظمین اور کمپنیوں کے مالکان اچھی اور دیرپا ملازمتوں کے لیے ان قیمتی مشوروں پر زور دے رہے ہیں۔

آگے کی جانب دیکھیے:

آج ہم جس دور سے گزررہے ہیں اس میں ہر شعبہ بہت تیزی سے بدل رہا ہے اس لیے ضروری ہے کہ آپ نئے نظام، نئے ٹولز اور نئی ترجیحات کے لیے تیار رہیں جو مستقبل میں آپ کے کام پر اثر انداز ہوسکتی ہے جب کہ ساتھ ہی کام کو بہتر بنانے کے لیے ان تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے محتاط خطرہ مول لینے کے لیے بھی تیار رہیں۔

مطمئن نہ رہیں:

کسی بھی ادارے میں زیادہ وقت گزارنے والے افراد مطمئن ہوتے جاتے ہیں کہ اب انہیں ملازمت سے کوئی نہیں ہلاسکتا تاہم اس سے متعلق امریکی کیریئر ایکسپرٹ کا کہنا ہےکہ امریکا میں ہرجگہ 50 سال سے زائد افراد کو ان کی ملازمتوں سے صرف اس لیے نکالا جا رہا ہے یا ان کی پوزیشن تبدیل کی جارہی ہے کہ وہ خود کو پرانا سمجھ کر سوئے رہتے ہیں اور اپنے شعبے کی نئی چیزیں نہیں سیکھتے یا اپنا نیٹ ورک نہیں بڑھاتے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ مواقع کی مناسبت سے اپنے کیریئر میں تبدیلیاں لائی جائیں۔

زندگی بھر ایک ہی ملازمت، اب نہیں:

سرکاری ملازمتوں کےعلاوہ زندگی بھر ایک ہی ملازمت کرکے ریٹائر ہونے کا تصور اب پرانا ہوگیا ہے جس سے متعلق برطانوی کارپوریٹ اسکیپ کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ اب آپ پورے کیریئر میں کم از کم 10 سے 15 ملازمتیں تبدیل کریں گے اور ریٹائرمنٹ تک ایک ہی نوکری سے چپکے رہنا ممکن نہیں کیونکہ پرانے اصول رخصت ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں جونیئر وکلا اور اکاؤنٹنٹس کی نوکریاں اس لیے خطرے میں ہیں کہ جدید سافٹ ویئرز نے ان کی جگہ لے رہے ہیں جو حساب کتاب اور قانونی ریسرچ انجام دے سکتے ہیں۔

اپنا ہوم ورک مکمل رکھیے:

اگر آپ کسی ایسی اچھی ملازمت کی تلاش میں ہیں جس میں آپ ترقی کی سیڑھیاں چڑھنا چاہتے ہیں تو اس کمپنی کے متعلق بھرپور معلومات حاصل کیجئے۔ انٹرویو کے وقت ایک سوال ذاتی بڑھوتری اور پیشہ وارانہ ترقی کے بارے میں بھی کیجئے اور اگر آپ سمجھتے ہیں کہ تھوڑی زیادہ تنخواہ کے بدلے آپ کا کیریئر اور صلاحیتیں متاثر ہورہی ہیں تو اس ادارے کا انتخاب کیجیئے جہاں آپ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔