ٹی وی کو کمپیوٹر میں تبدیل کرنے والی ڈیوائس تیار

ویب ڈیسک  بدھ 1 اپريل 2015
اس جدید ڈیوائس کو گوگل کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے، فوٹو:فائل

اس جدید ڈیوائس کو گوگل کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے، فوٹو:فائل

نیویارک: ٹیکنالوجی کی ترقی نے جہاں الیکٹرانک اشیاء کے سائز کو چھوٹا کردیا ہے وہیں ایک ہی چیز میں کئی فیچرز جمع کرکے اخراجات اور گھر میں  جگہ کی کمی کا بھی حل نکال دیا ہے ایسی ہی کوشش میں چاکلیٹ بار شکل کی ایسی ڈیوائس تیار کر لی گئی ہے جسے ٹی وی میں لگادیا جائے تو یہ ٹی وی کو ایک مکمل کمپیوٹر میں تبدیل کردیتا ہے۔

اس ڈیوائس کو ٹیکنالوجی کنگ گوگل نے تیارکیا ہے اور اسے ایچ ڈی ایم آئی کروم بٹ کا نام دیا ہے جسے جب ٹی وی میں لگایا جاتا ہے تو ٹی وی کمپیوٹر کے مانیٹر میں تبدیل ہو جاتا ہے جب کہ اسے بغیر تار کے کی بورڈ اور ماؤس سے کنکٹ کر دیا جاتا ہے جسے بلیو ٹوتھ کی مدد سے چلایا جاتا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ کروم بٹ ڈیوائس ایک مکمل کمپیوٹر ہے اور یہ سائز میں کینڈی بار سے بھی چھوٹا ہے اور یہ صرف 100 ڈالر میں خریدا جاسکتا ہے۔ گوگل کے مطابق یہ ایک اپ گریڈ سسٹم ہے جو اسکولز اور بزس میں انتہائی کارآدمد ہےجب کہ اس ڈیوائس کو بنانے کے لیے 2011 سے کام کیا جا رہا ہے اور اسی دوران طلبا کے لیے کم قیمت سرفیس ٹیبلٹ بھی تیار کیا گیا ہے جو بالخصوص کم آمدنی والے لوگوں کے لیے بنایا گیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جس طرح موبائل فون کے لیے انڈرائڈ سافٹ ویئر ہیں اسی طرح کروم سسٹم بھی تیار کیا گیا ہے جس کی بدولت کمپیوٹر کا استعمال اور بھی آسان اور سستا ہوگیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔