سام سنگ اب فون کے ساتھ ’’ اسمارٹ چاقو ‘‘ بھی متعارف کرائیگی

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2015
’’اسمارٹ چاقو‘‘ کے ساتھ ہی ایک تھرمامیٹر اسٹائلس بھی بنائی گئی ہے جو گوشت کو کاٹنے سے پہلے اس کا درجہ حرارت بتانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔  فوٹو : فائل

’’اسمارٹ چاقو‘‘ کے ساتھ ہی ایک تھرمامیٹر اسٹائلس بھی بنائی گئی ہے جو گوشت کو کاٹنے سے پہلے اس کا درجہ حرارت بتانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ فوٹو : فائل

لاہور: آپ اپنے کچن سے کوسوں دور ہوں اور اچانک یاد آئے کہ گھر آنے والے مہمانوں کی خاطرتواضع کے لیے کچھ گوشت تیار کرنا ہے اور کیا ہی اچھا ہو اگر آپ اپنے اسمارٹ فون کو استعمال کرتے ہوئے یہ سب کچھ کر لیں۔

مشہور ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اسمارٹ فونز کی دنیا میں تہلکہ مچانے کے بعد اب دنیا کا پہلا ’’اسمارٹ چاقو‘‘ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جسے Galaxy BLADE Edge کا نام دیا گیا ہے۔گلیکسی S6 اور S6Edge کو متعارف کرانے کے بعد سام سنگ نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں واقعی کچھ مختلف کر دکھانے اور حریف کمپنیوں کی نیندیں اڑانے کا تہیہ کر لیا ہے۔

بلیڈ ایج محض ایک ہائی اینڈ اسمارٹ فون ہی نہیں ہے بلکہ یہ حیران کن حد تک بڑا چاقو (ٹوکا) بھی ہے جو مارکیٹ میں پہلے سے موجود چاقوؤں کی نسبت 50فیصد زیادہ تیزی سے چیزوں کو کاٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سام سنگ کا کہنا ہے کہ اس کا  ’’چاقو فون‘‘Diamond Cut Ceramic Body سے بنا ہے جو بلیڈ سے زیادہ تیز دھار، سٹین لیس اسٹیل سے زیادہ مضبوط اور پلاسٹک سے بھی زیادہ ہلکا ہے جب کہ یہ پانی اور آگ سے بھی محفوظ رہتا ہے۔

اس کے ایک جانب 5.1 انچ کی سپر ایمولڈ اسکرین نصب کی گئی ہے اور سام سنگ کی جدید ترین سیکیورٹی Knox اور فنگر پرنٹ سکینر بھی لگایا گیا ہے۔ اس ’’اسمارٹ چاقو‘‘ کے ساتھ ہی ایک تھرمامیٹر اسٹائلس بھی بنائی گئی ہے جو گوشت کو کاٹنے سے پہلے اس کا درجہ حرارت بتانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس میں کچھ ایسے سینسرز کا استعمال بھی کیا گیا ہے جو انسانی گوشت اور خون کو فوراً سے پہلے پہچان کر پولیس کو خود بخود اطلاع کر دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔