اسمارٹ فون اب کینسر کی تشخیص کریں گے

ویب ڈیسک  بدھ 15 اپريل 2015
فون میں نصب جدید آلہ انسانی خون یا کسی ٹشو کی ایک تصویرمیں ایک لاکھ خلیات (سیلز) کو دکھاتا ہے، فوٹو:فائل

فون میں نصب جدید آلہ انسانی خون یا کسی ٹشو کی ایک تصویرمیں ایک لاکھ خلیات (سیلز) کو دکھاتا ہے، فوٹو:فائل

لندن: کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص کے لیے انتہائی مہنگے ٹیسٹ کرانا پڑتے ہیں لیکن اب امریکی ماہرین نے ایک ایسا آلہ تیارکرلیا ہے جو اسمارٹ فون سے منسلک کرنے کے بعد درست انداز میں اس مرض کی تشخیص کرسکتا ہے۔

امریکی ماہرین نے نے اسمارٹ فون سے منسلک ہونے والا امیجنگ سسٹم تیار کیا ہے جس میں بیٹری سے چلنے والی ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہے جو کیمرے سے ہائی ریزولوشن ڈیٹا حاصل کرتی ہے اور روایتی خردبین کے مقابلے میں ایک بہت وسیع تصویر دکھائی دیتی ہے۔

یہ جدید آلہ انسانی خون یا کسی ٹشو کی ایک تصویرمیں ایک لاکھ خلیات (سیلز) کو دکھاتا ہے لیکن اس کے لیے خون یا ٹشو میں خاص باریک موتی (مائیکروبیڈز) شامل کیے جاتے ہیں جو کینسرزدہ اجزا سے جڑ جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس عمل کے بعد ڈیٹا ایک محفوظ سرور میں منتقل ہوتا ہے اور وہاں پروسیسنگ کے بعد خون، ٹشو یا گوشت میں کینسر کی موجودگی یا عدم موجودگی کا حتمی اندازہ لگایا جتا ہے جب کہ کینسر کی تشخیص کے اس عمل میں ہفتوں اور مہینوں کے بجائے صرف منٹ اور گھنٹے لگتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نئی جدید ٹیکنالوجی  بنیادی سہولیات سے محروم غریب افراد کے لیے نہایت فائدہ مند ہوگی کیونکہ اس کی قیمت صرف 1.80 ڈالر(پاکستانی 180 روپے) ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔