کراچی میں فائرنگ سے پولیس افسر جاں بحق اور نجی میڈیکل کالج کی وائس پرنسپل شدید زخمی

ویب ڈیسک  جمعرات 16 اپريل 2015
شہید ملت روڈ پر فائرنگ سے نجی میڈیکل کالج کی وائس پرنسپل شدید زخمی ہوگئیں،
فوٹو: آن لائن

شہید ملت روڈ پر فائرنگ سے نجی میڈیکل کالج کی وائس پرنسپل شدید زخمی ہوگئیں، فوٹو: آن لائن

 کراچی: شہر میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں ایس ایچ او پریڈی اعجاز خواجہ جاں بحق جب کہ نجی میڈیکل کالج کی وائس پرنسپل شدید زخمی ہوگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کورنگی روڈ پر پیش آیا جہاں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ایس ایچ او تھانہ پریڈی اعجاز خواجہ کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق جب کہ ملزمان فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے اعجاز خواجہ کے جسد خاکی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں شعبہ ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اعجاز خواجہ کو 3 سے چار گولیاں لگیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایس ایچ او اعجاز خواجہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے رپورٹ طلب کر لی ہے،آئی جی سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایک 4 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جب کہ ایڈیشنل آئی جی غلام قادرتھیبو کا کہنا ہےکہ اعجاز خواجہ کا قتل کراچی آپریشن کا رد عمل ہوسکتا ہے۔

شہر میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ شہید ملت روڈ پر پیش آیا جہاں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے نجی میڈیکل کالج کی وائس پرنسپل ڈاکٹر ڈیبرا لوبو کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیبرا لوبو کو ایک گولی بازو اور دوسری سر میں لگی تاہم طویل آپریشن کے بعد ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس ایچ اور فیروز آباد اورنگزیب خٹک کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والی ڈاکٹر امریکی شہری ہیں اور واقعے کے وقت وہ گاڑی میں اکیلی اپنی رہائش گاہ ڈیفنس کی جانب روانہ ہوئی تھیں، ملزمان نے ڈاکٹر ڈیبرا لوبو کا تعاقب کرکے ان پر فائرنگ کی۔  پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جس کی مدد سے تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔