بلیک لسٹڈ، معطل اور نان فائلرز کو ٹیکس رعایت ملنے کا انکشاف

ارشاد انصاری  جمعـء 17 اپريل 2015
رجسٹرڈٹیکس دہندگان نے غیرفعال اوربرآمدی شعبوں سے تعلق نہ رکھنے والے یونٹس کو2فیصدٹیکس ریٹ پر اشیا فراہم کیں۔ فوٹو: فائل

رجسٹرڈٹیکس دہندگان نے غیرفعال اوربرآمدی شعبوں سے تعلق نہ رکھنے والے یونٹس کو2فیصدٹیکس ریٹ پر اشیا فراہم کیں۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ملک بھر میں رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی جانب سے بلیک لسٹڈ، معطل شدہ، نان فائلر اور غیرفعال کاروباری یونٹس کو رعایتی ٹیکس پر اشیا سپلائی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام فیلڈ آفسز کو غیرقانونی طور پر رعایتی شرح ٹیکس پر اشیا سپلائی کرنے والے رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اورکہا ہے کہ ان سے تمام ٹیکس واجبات ریکور کیے جائیں۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی جانب سے غیر فعال، بلیک لسٹڈ، معطل شدہ اور نان فائلر سمیت 7 مختلف کٹیگری کے لوگوں اور کاروباری یونٹس کو 2 فیصد کے رعایتی ٹیکس ریٹ پر اشیا سپلائی کرنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ یہ کٹیگریز اس سہولت کے لیے اہل نہیں۔ دستاویز میں بتایا گیاکہ ایف بی آر کوکمپیوٹرائزڈ رسک بیسڈ ایویلیوایشن آف سیلز ٹیکس (کریسٹ)سے موصول ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جن 7کٹیگریز کے لوگوں کی جانب سے غلط طور پر رعایتی ٹیکس پر اشیا کی سپلائی حاصل کی گئی ہے۔

ان میں بلیک لسٹڈ، معطل کاروباری یونٹس، انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے، غیرفعال یونٹس، صفر ٹیکس کے ساتھ گوشوارے جمع کرانے والے اور خریداری ڈکلیئر نہ کرنے والے شامل جبکہ ساتویں کٹیگری ان لوگوں کی ہے جن کا 5 ایکسپورٹ اورینٹڈ شعبوں سے کوئی تعلق نہیں۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ مذکورہ 7کٹیگریز کے کاروباری یونٹس و لوگ رعایتی ٹیکس پر سپلائی حاصل کرنے کی سہولت کے اہل نہیں، مذکورہ لوگوں کی نشاندہی رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی طرف سے جمع کرائے جانے والے سیلز ٹیکس گوشواروں کے تجزیے کے دوران ہوئی۔

اس بارے میں ایف بی آر حکام نے بتایا کہ جو لوگ غلط اور غیرقانونی طور پر ٹیکس بچانے میں ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس کے لیے تمام آر ٹی اوز اور ایل ٹی یوز کے چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹیکس ریکور کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔