پیا کے انتظار میں بیٹھیں بالی ووڈ کی عمر دراز اداکارائیں

ویب ڈیسک  جمعـء 17 اپريل 2015
بالی ووڈ کی نامور اداکارائیں اپنی زندگی کی 30 سے زائد بہاریں دیکھ چکی ہیں   فوٹو؛فائل

بالی ووڈ کی نامور اداکارائیں اپنی زندگی کی 30 سے زائد بہاریں دیکھ چکی ہیں فوٹو؛فائل

ممبئی: بھارتی فلم نگری میں فلمی ستاروں کے لئے شادی کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے لیکن  بالی ووڈ میں چند خوبرو اور حسین اداکارائیں ایسی بھی ہیں جو عمر کی 30 سے زائد بہاریں دیکھ چکی ہیں لیکن وہ شادی کا دور دور تک کوئی ارادہ نہیں رکھتیں۔

اس فہرست میں بالی ووڈ کی صف اول کی مشہور اداکارائیں شامل ہیں جنہوں نے کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

تبو (تبسم ہاشمی)

بالی ووڈ کی اسٹار تبسم ہاشمی جو فلم انڈسٹری میں تبو کے نام سے مشہور ہیں اب تک زندگی کی  43 بہاریں دیکھ چکی ہیں لیکن رشتہ ازدواج میں منسلک نہیں ہوئیں۔ تبو نے بالی ووڈ کی کئی فلموں میں کارکردگی کے جوہر دکھائے ہیں اور متعدد فلمی  ایوارڈ اپنے نام  بھی کرچکی ہیں۔

ارمیلا ماٹونڈکر

اپنی منفرد اداکاری کے باعث مشہور بھارتی اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر نے فلمی کیریئر کا آغاز 1977 میں لڑکپن سے ہی کردیا تھا جب کہ بالی ووڈ اسٹار ارمیلا نے 4 فروری کو  اپنی 41 ویں سالگرہ منائی۔ فلموں  میں اپنے حسن سے ہیرو کو محبت کے جال میں پھسانے والی ارمیلا اب تک حقیقی زندگی میں کسی پر اپنا جادو نہیں چلا سکیں۔

سشمیتاسین

1994 میں مس یونیورس کا تاج اپنے سر سجانے والی حسینہ سشمیتا سین نے بالی ووڈ انڈسٹری میں ’’دستک‘‘ فلم سے قدم رکھا اور اس کے بعد بالی ووڈ کو کئی کامیاب فلمیں دیں۔ بالی ووڈ حسینہ 40 سال کی ہونے والی ہیں جب کہ کیریئر میں ان کے کئی معاشقے زبان زد عام ہوئے لیکن اب  تک پیا کا گھر نہیں سدھار سکیں۔

پریتی زنٹا

بالی ووڈ میں ڈمپل گرل سے شہرت پانے والی مشہور اسٹار پریتی زنٹا بھی اپنی زندگی کی 4 دہائیاں دیکھ چکی ہیں۔ بالی ووڈ فلم’’کل ہونا ہو‘‘ میں شاندار رومانوی کردار اداکرنے والی پریتی زنٹا اپنی حقیقی زندگی میں بھی رومانوی ثابت ہوئی ہیں کئی معاشقوں کے چرچوں کے باوجود بھی تاحال اب تک شادی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا۔

امیشا پٹیل

بالی ووڈ فلم’’کہو نہ پیار ہے‘‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والی امیشا پٹیل 9 جون کو 39 ویں  سالگرہ منائیں گی۔ امیشا کئی فلمی ایوارڈ تو اپنے نام کرچکی ہیں لیکن زندگی کی 39 بہاریں دیکھنے کے باوجود ابھی تک شادی کرنے میں ناکام رہیں۔

ملیکہ شراوت

بولڈ مناظر کی عکس بندی کے حوالے سے مشہور بالی ووڈ اداکارہ ملکہ شراوت 38 سال کی ہوچکی ہیں۔ فلم’’مرڈر‘‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ملکہ شراوت خبروں کی زینت بننے کا فن تو خوب آتا ہے  لیکن اپنے لئے دولہا ڈھونڈنا کا فن انہیں سیکھنا پڑے گا۔

بپاشا باسو

بے باک اداکاری کی وجہ سے  مشہور پباشا باسو نے 7 جنوری کو اپنی 36 ویں سالگرہ منائی۔ بپاشا باسو نے  فلم’’جسم‘‘ میں  وفادار بیوی کا کردار تو خوب نبھایا لیکن عملی زندگی میں کسی کی بیوی ہی نہیں بن سکیں۔

پریانکا چوپڑا

مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے والی بھارتی حسینہ پریانکا چوپڑا نے بالی ووڈ میں قدم رکھے تو انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا گیا اور کئی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔  اپنے کردار کو نہایت خوبی سے نبھانے والی بالی ووڈ کی جنگلی بلی پریانکا چوپڑا زندگی کی 32 بہاریں دیکھ چکی ہیں لیکن تاحال دور دور تک شادی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔