ورلڈکپ کوارٹرفائنل کھیلنے والے4پلیئرز ہی ٹیم میں برقرار

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 18 اپريل 2015
رضوان کی شمولیت سے ون ڈے ڈیبیوکرنے والے پاکستانیوں کی ڈبل سنچری مکمل ہوگئی۔  فوٹو : اے ایف پی

رضوان کی شمولیت سے ون ڈے ڈیبیوکرنے والے پاکستانیوں کی ڈبل سنچری مکمل ہوگئی۔ فوٹو : اے ایف پی

میر پور: ورلڈکپ کوارٹرفائنل کھیلنے والے4کرکٹرز ہی بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ون ڈے کیلیے قومی ٹیم میں جگہ بنا پائے، محمدرضوان کی شمولیت سے ون ڈے ڈیبیو کرنے والے پاکستانی پلیئرزکی ڈبل سنچری مکمل ہوگئی۔

سعد نسیم کو بھی کیریئر کے آغاز کا موقع ملا،کپتان اظہر علی نے27ماہ بعد کسی ایک روزہ میچ میں حصہ لیا۔تفصیلات کے مطابق تشکیل نو کے عمل سے گزرنے والے گرین شرٹس کو گذشتہ روز پہلے ون ڈے میں ورلڈکپ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھانے والی ٹیم کے7ارکان کی خدمات حاصل نہیں تھیں، مصباح اور آفریدی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرہوچکے۔

احمد شہزاد اور عمراکمل کو خراب رویے کی وجہ سے ڈراپ کردیا گیا،صہیب مقصود تربیتی کیمپ کے آغاز جبکہ سہیل خان آخری روز زخمی ہونے کی وجہ سے بنگلہ دیش نہ جاسکے، احسان عادل کو اسکواڈ کے ہمراہ موجود ہونے کے باوجود پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بنایا گیا، کینگروز سے مات کھانے والی ٹیم میں سے حارث سہیل،سرفرازاحمد ، وہاب ریاض اور راحت علی ہی بنگال ٹائیگرز کیخلاف ایکشن میں نظر آئے۔

محمد رضوان کی ٹیم میں شمولیت سے ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ڈیبیوکرنے والے کھلاڑیوں کی ڈبل سنچری مکمل ہوگئی، پشاورسے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین کو اسد شفیق پر ترجیح دی گئی، انھیں ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پرقومی ٹیم میں شامل کیا گیا، البتہ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سرفراز کے ہی سپرد رہی۔

بنگلہ دیش کیخلاف پہلے میچ میں سعد نسیم کوبھی ون ڈے کیپ دی گئی، لاہورلائنزکی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر کو بطور انجرڈ صہیب متبادل ٹیم میں شامل کیا گیا تھا،اس سے قبل وہ پاکستان کی جانب سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں،کپتان اظہر علی نے27ماہ بعد کسی ون ڈے میچ میں شرکت کرتے ہوئے 72 رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔