سلمان خان کی سفارش پر سرب حسینہ نتاشا ’’7آورزٹوگو‘‘ کی ہیروئن بن گئیں

شوبز ڈیسک  ہفتہ 18 اپريل 2015
نتاشا بگ باس میں حصہ لینے والی دوسری غیرملکی اداکارہ ہیں جنھیں بالی ووڈ فلم میں کاسٹ کیاگیا ۔  فوٹو : فائل

نتاشا بگ باس میں حصہ لینے والی دوسری غیرملکی اداکارہ ہیں جنھیں بالی ووڈ فلم میں کاسٹ کیاگیا ۔ فوٹو : فائل

ممبئی: مشہور بھارتی رائیلٹی شو بگ باس ایک کی ماڈل اور بالی ووڈ فلم ستیاگرہ میں آیٹم نمبر کرنیوالی سربیا کی حسینہ نتاشا سٹین جویچ کو آخر کار بالی ووڈ فلم مل ہی گئی ہے جس میں وہ مرکزی کردار ادا کریں گی ۔

سوراب ورما جنہوں نے کرن میڈیا کے ساتھ تین فلموں کی ہدایات دینے کا معاہدہ کررکھا ہے کی پہلی فلم سولڈ پٹیل ریلیز کے لیے تیار ہے جب کہ انھوں نے دوسری فلم ’’7 آورز ٹو گو‘‘ ( 7 Hours To Go ) کی تیاری شروع کردی ہے اور انھوں نے اس فلم کے لیے شوپنڈت کے ساتھ ہیروئن کا کردار نبھانے کے لیے سربین حسینہ نتاشا سٹین جویچ کو کاسٹ کرلیا ہے ۔

یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں ہوگی کہ سوراب ورما نے اپنی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی پہلی فلم میں بھی بگ باس میں حصہ لینے والی ایلی ایورم کو کاسٹ کیا تھا اور اس مرتبہ بھی انھوں نے اسی شو کی ایک رکن کو اپنی فلم کی ہیروئن بنایا ہے اس سلسلہ میں بالی ووڈ میں خبریں گرم ہیں کہ سلمان خان نے اس فلم کے لیے نتاشا کی سفارش کی ہے اور یہ ایلی ایورم کے بعد دوسری غیر ملکی اداکارہ ہےجسے دبنگ خان کی سفارش پر کاسٹ کیا گیا ہے ۔

دوسری طرف سوراب ورما کا کہنا ہے کہ ایلی ایورم فلم ’’مکی وائرس ‘‘کی شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد شو میں شریک ہوئیں تھیں جب کہ نتاشا کو ’’بگ باس 8 ‘‘ختم ہونے کے بعد باقاعدہ اڈیشن کرکے ’’ 7 آورز ٹو گو ‘‘ میں کاسٹ کیا گیا ہے ۔

فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو کام کی تلاش میں ممبئی آتا ہے اور ایک قتل کا چشم دید گواہ بن جاتا ہے بعد ازاں وہ سات افراد کو یرغمال بنا کر قتل کے پیچھے چھپے محرکات اور قاتل کو بے نقاب کردیتا ہے ۔ ’’7  آورز ٹو گو ‘‘ کی دیگر کاسٹ میں کیتن سنگھ ، سندیپا دہر اور ورون بودلہ شام ہیں اور اس کی تمام تر شوٹنگ ممبئی میں کی جائے گی جب کہ اسے 11 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنائے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔