حصص مارکیٹ میں تیل و گیس سیکٹر میں خریداری سے33000کی حد بحال

بزنس رپورٹر  ہفتہ 18 اپريل 2015
 کاروباری حجم جمعرات کی نسبت7.36 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 40 کروڑ1 لاکھ70 ہزار360 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: فائل

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت7.36 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 40 کروڑ1 لاکھ70 ہزار360 حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: چین کے صدرکی آئندہ ہفتے دورہ پاکستان سے وابستہ مثبت توقعات، پاکستان کے مختلف منصوبوں میں چین کی جانب سے 46 ارب ڈالر کی ممکنہ سرمایہ کاری معاہدوں اور آئل اینڈ گیس سیکٹر میں خریداری لہر بڑھنے سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی معمولی مندی کے بعد تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی ۔

جس سے انڈیکس کی33000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی، 62.20 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید79 ارب88 کروڑ66 لاکھ89 ہزار615 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں کمی کے امکانات ودیگرمثبت خبروں کی وجہ سے آئل اینڈ گیس کے علاوہ ٹیکسٹائل اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری سرگرمیاں نمایاں رہیں، مقامی و غیرملکی سرمایہ کاروں نے پراعتماد انداز میں سرمایہ کاری کے حجم کو وسعت دی۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، انفرادی سرمایہ کاروں اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر2 کروڑ14 لاکھ 57 ہزار57 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے ایک موقع پر30.23 پوائنٹس کی مندی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے1 کروڑ 19 لاکھ90 ہزار 60ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے70 لاکھ78 ڈالر اور این بی ایف سیز کی جانب سے24 لاکھ66 ہزار919 ڈالر مالیت کی ہونے والی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ کو تیزی کی جانب گامزن کیا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 498.29 پوائنٹس کے اضافے سے33234.73 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس388.11 پوائنٹس کے اضافے سے21164.47 اور کے ایم آئی30 انڈیکس828.64 پوائنٹس کے اضافے سے54609.84 ہو گیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت7.36 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 40 کروڑ1 لاکھ70 ہزار360 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار381 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں237 کے بھاؤ میں اضافہ، 116 کے داموں میں کمی اور28 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔