افغانستان کے شہر جلال آباد میں خودکش دھماکے سے 35 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اپريل 2015
زخمیوں کو جلال آباد کے ریجنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہے۔ فوٹو؛ رائٹرز

زخمیوں کو جلال آباد کے ریجنل ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہے۔ فوٹو؛ رائٹرز

کابل: افغان صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں خود کش دھماکے سے 35 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں ایک بینک کے باہر خود کش حملہ آور نے عین اس وقت اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا لیا جب وہاں فوجیوں سمیت بڑی تعداد میں سرکاری ملازمین اپنی تنخواہیں وصول کرنے کےلیے موجود تھے۔  دھماکےکے نتیجے میں 22 افراد موقع پر ہی ہلاک جبکہ 120 سے زائد زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے دوران مزید 13 افراد دم توڑ گئے جب کہ درجنوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے جلال آباد میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کا کوئی جواز نظر نہیں آتا۔ پاکستان دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ 4 سال قبل بھی اسی بینک پر خودکش حملہ ہوا تھا جس میں  42 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔