کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایم کیوایم کا جلسہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اپريل 2015
جلسے کے پیش نظر لیاقت آباد فلائی اوور کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔  فوٹو: فائل

جلسے کے پیش نظر لیاقت آباد فلائی اوور کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

 کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں 23 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ایم کیو ایم کا لیاقت آباد میں جلسہ جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ این اے 246 میں سیاسی پارہ مسلسل بڑھ رہا ہے اور سیاسی جماعتیں انتخاب میں کامیابی کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں، ایم کیو ایم کا گڑھ سمجھے جانے والے اس حلقے میں اس بار تحریک انصاف اور جماعت اسلامی بھی میدان میں ہیں اور دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کے حق میں اپنے اپنے امیدواروں کو دستبردار کرانے سے انکار کردیا ہے۔

انتخابی مہم کے دوران ایک جانب جماعت اسلامی نے خواتین کا جلسہ کر کے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا تو تحریک انصاف نے کریم آباد سے عزیز آباد تک ریلی نکالی، ایم کیو ایم بھی آج اس حلقے میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے لیاقت آباد فلائی اوور پر جلسہ کر رہی ہے جس سے متحدہ کے رہنما خطاب کررہے ہیں جب کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بھی جلسے سے خطاب کریں گے۔

ایس ایس پی کراچی وسطی نعمان صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم کے جلسے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلسے کی سیکیورٹی کے لئے مجموعی طور پر 2 ہزار 2 سو اہلکارتعینات کئے گئے ہیں جلسے سے قبل اسٹیج اورجلسہ گاہ کی بم ڈسپوزل یونٹ کلیئرنس دے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔