این اے 246 میں بائیو میٹرک سسٹم کے تحت پولنگ کیلئے تیار نہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 اپريل 2015
انتخاب والے دن ڈھائی ہزار رینجرز اور 7 ہزار 300 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، سیکریٹری الیکشن کمیشن، فوٹو:فائل

انتخاب والے دن ڈھائی ہزار رینجرز اور 7 ہزار 300 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، سیکریٹری الیکشن کمیشن، فوٹو:فائل

 کراچی: سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ این اے 246 کا ضمنی انتخاب بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرانے کے لیے تکنیکی طور پر تیار نہیں جب کہ اس روز رینجرز کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن کمیشن سندھ کے اجلاس میں سیاسی جماعتوں نے حلقے میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس میں سب سے پہلے بائیو میٹرک کا معاملہ سامنے آیا جب کہ پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل نے گھوسٹ پولنگ اسٹیشنز کی بھی شکایت کی جس کی تحقیقات کی جائیں گی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نےکہا کہ الیکشن کمیشن اس وقت این اے 246 کا ضمنی انتخاب بائیومیٹرک طریقے سے کرانے کے لیے تکنیکی طور پر تیار نہیں ہے اس لیےاحتیاط سے کام لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ہم آئین کے تحت اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے جب کہ حکومتی عہدے داروں نے بھی غیر جانبدار رہنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عملہ پولنگ اسٹیشنز پر ایک دن پہلے پہنچے گا، انتخاب والے دن رینجرز کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے تاہم رینجرز پریزائیڈنگ افسر کا نہیں صرف سیکیورٹی کا کام کرے گی، انتخاب والے دن ڈھائی ہزار رینجرز اور 7 ہزار 300 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے اور پولنگ اسٹیشن کے اندر ایک رینجرز اہلکار تعینات ہوگا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت پریذائیڈنگ اور ریٹرننگ افسران کو بھی فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے گئے ہیں، بیلٹ پیپرز فوج اور رینجرز کی نگرانی میں چھپ رہے ہیں،ضمنی انتخاب کے لیے  3 لاکھ 58 ہزار 500 بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں جب کہ سندھ حکومت نے کیمروں کا انتظام کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے تاہم ووٹ کاسٹ کرنے کی جگہ پر کوئی کیمرہ نصب نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب والے دن حلقے میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی جب کہ ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

اس سے قبل قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں کراچی میں این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے سیکیورٹی صورت حال سمیت تمام امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عملے کی تعیناتی کے حوالے سے امیدواروں کی شکایات دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس روز فرائض انجام دینے والے تمام عملے کی جانچ پڑتال اور ان کی حاضری بھی یقینی بنائی جائے گی۔

آئی جی سندھ نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 3 ہزار اہلکار این اے 246 میں جبکہ 4 ہزار شہر میں تعینات کئے جائیں گے اس کے علاوہ ریپڈ رسپانس فورس بھی الرٹ پر ہو گی، پولنگ کے روز امن و امان قائم رکھنے کے لئے عارضی چوکیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے جس میں پولیس کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ رینجرز حکام نے الیکشن کمیشن سے این اے 246 کے ضمنی انتخاب کے موقع پر تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور بائیو میٹرک سسٹم کے تحت انتخاب کرانے کی درخواست کی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے فوری طور پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے انتخاب کو ناممکن قرار دے دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔