محمد حفیظ کو امتحان دینے کے بعد نتیجے کا انتظار

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 19 اپريل 2015
 آئی سی سی سے الحاق رکھنے والی چنئی کی لیب میں ان کا ٹیسٹ 9اپریل کو ہوا تھا جس کی رپورٹ رواں ہفتے موصول ہونے کا امکان ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی سے الحاق رکھنے والی چنئی کی لیب میں ان کا ٹیسٹ 9اپریل کو ہوا تھا جس کی رپورٹ رواں ہفتے موصول ہونے کا امکان ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: محمد حفیظ کو امتحان دینے کے بعد نتیجے کا انتظار ہے۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن گذشتہ سال بھارت میں ٹوئنٹی20چیمپئز لیگ کے دوران شکوک کی زد میں آیا تھا،آئی سی سی کے تحت ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے انھیں بائیومکینک ٹیسٹ کی ہدایت نہیں دی گئی۔

نومبر میں پاک نیوزی لینڈ سیریز کے دوران ان کا ایکشن رپورٹ کردیا گیا، بعدازاں ثابت ہوا کہ بعض گیندوں میں آف اسپنر کے بازو کا خم15ڈگری سے متجاوز ہوجاتا ہے،آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے پر انھوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایکشن کی اصلاح کیلیے کام کیا، دسمبر میں چنئی میں غیررسمی ٹیسٹ میں بھی حوصلہ افزا نتائج سامنے نہ آنے پر حفیظ نے بہتری لانے کیلیے مزید محنت کی۔

ورلڈکپ مہم کے دوران برسبین میں باقاعدہ ٹیسٹ کیلیے16فروری کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن آل رائونڈر انجری کا شکار ہوگئے،وطن واپسی پر انھوں نے ایک ماہ تک فٹنس بحال کرنے کیساتھ ایکشن کی اصلاح کیلیے بھی کام کیا، آئی سی سی سے الحاق رکھنے والی چنئی کی لیب میں ان کا ٹیسٹ 9اپریل کو ہوا تھا جس کی رپورٹ رواں ہفتے موصول ہونے کا امکان ہے۔

اگر حفیظ بروقت کلیئر ہونے میں کامیاب ہوگئے تو بنگہ دیش کیخلاف 24اپریل کو شیڈول واحد ٹوئنٹی20 میچ اور اسکے بعد ٹیسٹ سیریز میں بھی بولنگ کرسکیں گے،البتہ یہ امر قابل غور ہوگا کہ انکی تمام گیندیں قانونی حد میں قرار دی جاتی ہیں یاکچھ ڈیلیوریز پر پابندی برقرار رہتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔