اسلام آباد کے سیکٹر آئی 9 میں نالے سے نوجوان کی ہتھکڑی لگی لاش برآمد

ویب ڈیسک  اتوار 19 اپريل 2015
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کا تبادلہ کردیا ہے۔   فوٹو: فائل

ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کا تبادلہ کردیا ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: سیکٹر آئی 9 میں کچی آبادی سے ملحقہ نالے سے نوجوان کی ہتھکڑی لگی لاش ملی ہے.

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر آئی 9 میں پولیس اسٹیشن سے ملحقہ نالے سے اہل علاقہ نے نوجوان کی لاش نکالی ہے جس کے ہاتھ ہتھکڑی سے بندھے ہوئے تھے۔ لاش نکالنے کے بعد متعلقہ تھانے کے پولیس اہلکاروں نے متوفی کے ہاتھوں سے ہتھکڑی نکالنے کی کوشش کی تاہم اہل علاقہ نے پولیس اہلکاروں کولاش کو ہاتھ لگانے سے روک دیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نالے سے ملنے والی لاش چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم فرمان عرف بوراکے نام سے کی گئی ہے جس نے پولیس حراست سے فرار ہونے کے لئے نالے میں چھلانگ لگائی تھی تاہم وہ وہاں سے نکلنے میں ناکام ہوگیا اور ڈوب کر اس کی موت ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کا تبادلہ کردیا ہے۔

دوسری جانب مرنے والے نوجوان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کا عزیز ڈوب کر نہیں بلکہ پولیس تشدد سے ہلاک ہوا ہے جسے چھپانے کے لئے پولیس نے اس کی لاش نالے میں پھینکی ہے، اس لئے متعلقہ ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔