گرین شرٹس رسوائی کی گہری کھائی میں منہ کے بل گر پڑے

ویب ڈیسک  اتوار 19 اپريل 2015
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور سعد نسیم نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور سعد نسیم نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔ فوٹو: فائل

ڈھاکا: بنگلادیش نے پاکستان کو7 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز پر مشتمل سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ 

بنگلا دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلادیش نے ہدف باآسانی  3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے اننگز کی ابتدا میں ہی پاکستانی ٹیم کے طوطے اڑانا شروع کردیے، سومیہ سرکار نے جنید خان کو مسلسل 3 چوکے جڑے لیکن اوور کی چوتھی گیند پر 17 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، وکٹ گرنے کے باوجود تمیم اقبال اور محموداللہ نے بولرز کی پٹائی جاری رکھی، میزبان ٹیم نے ففٹی چھٹے اوور میں ہی مکمل کرلی، تمیم نے سعید اجمل کا استقبال 3 چوکوں سے کرنے کے بعد وہاب ریاض کو بھی مسلسل 3 باؤنڈریز جڑ کر صرف 31گیندوں پر نصف سنچری کا سنگ میل عبور کیا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/Bngla.jpg

بنگلہ دیش کے 100رنز چودھویں اوور میں مکمل ہوئے تھے کہ محموداللہ بھی 17 رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، بعد ازاں میزبان ٹیم نے بڑی آسانی کے ساتھ فتح کی جانب سفر جاری رکھتے ہوئے 25ویں اوور میں 150کا سنگ میل بھی عبور کرلیا،کوئی بولر میزبان بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات پیدا کرتا نظر نہیں آیا، مشفیق الرحیم نے ففٹی مکمل کرکے بیٹ ہوا میں لہرایا اور مقامی شائقین سے بھرپور داد وصول کی،34 ویں اوور میں 200رنز مکمل ہونے کے بعد مہمان کھلاڑیوں کے چہروں پر شکست کی چھاپ گہری ہوتی نظر آنے لگی ، تمیم اقبال نے سنچری مکمل کی تو ٹائیگرز کو فتح کیلیے 30رنز درکار تھے، راحت علی نے مشفیق الرحیم کو65 رنز پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ کرا کر آؤٹ کیا لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی.

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے اوپننگ بلے باز تمیم اقبال ایک مرتبہ پھر بولروں پر بھاری ثابت ہوئے اور انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے لگاتار دوسرے میچ میں سنچری مکمل کی۔ بنگلہ دیش نے ہدف 38.1 اوورز میں حاصل کرکے اپنی کرکٹ تاریخ میں پہلی بار پاکستان کے خلاف سیریز اپنے نام کرلی

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/cricket-01.jpg

پاکستان کی جانب سے کوئی بولر خاطرخواہ کارکردگی پیش نہ کرسکا اور جنید خان 61 ،سعید اجمل 49 اور راحت علی نے 57 رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/Q1.jpg

پاکستان نے ریویو لینے میں ایک بار پھر ناتجربہ کاری کا مظاہرہ کیا، شکیب الحسن  کی جس گیند پر محمدرضوان کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا وہ آف اسٹمپ سے باہر جارہی تھی لیکن نوجوان بیٹسمین نے پویلین کی راہ اختیار کرلی،بنگلہ دیش کی اننگز میں مشفیق الرحیم کو جنید خان کی گیند لائن سے باہر گری اور لیگ اسٹمپ سے ٹکرا رہی تھی لیکن بولر، وکٹ کیپر اور کپتان نے مشاورت کے بعد ریویو لینے کا فیصلہ کرلیا جو بیکار گیا۔

سعید اجمل آخر نئے ایکشن کیساتھ پہلی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے،آف سپنر نے اپنے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر  محموداللہ کو 17رنز پر بولڈ کرکے 8ماہ بعد کسی انٹرنیشنل میچ میں وکٹ کا جشن منایا لیکن اس سے قبل 3اوورز میں 21رنز کی پٹائی برداشت کرچکے تھے، مجموعی طور پر انھوں نے اسی ایک وکٹ کے عوض  9.1 اوورز میں 49 رنز دیے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/Wahab.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/Q4.jpg

فاسٹ بولر وہاب ریاض کی لفظی بمباری بھی تمیم اقبال کا اعتماد متزلزل نہ کرسکی، چوکے سے میزبان ٹیم کے 100رنز مکمل ہونے کے بعد پیسر نے جارحیت دکھاتے ہوئے بائونسر سے بیٹسمین کو زچ کرنے کی کوشش کی لیکن انھوں نے جوابی حملے سے گریز کیااور نیچے بیٹھ گئے، وہاب ریاض نے جملہ بھی کس دیا لیکن وہ ٹس سے مس نہ ہوئے، بعدازاں فاسٹ بولر نے ایک نو بال دیے جانے پر امپائر کو وضاحت بھی پیش کی حالانکہ ان کا پیر واضح طور پر کریز سے باہر تھا۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ابتدائی 5 بلے باز 77 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ پہلی وکٹ 36 کے مجموعی اسکور پر گری جب سرفراز احمد 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ایک رنز کے اضافے پر محمد حفیظ بھی اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی بولڈ ہوگئے۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/cricket.jpg

کپتان اظہر علی 36 رنز بنا کر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے جب کہ فواد عالم بھی اپنا کھاتا نہ کھول سکے۔ محمد رضوان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ چھٹی وکٹ کے لئے حارث سہیل اور سعد نسیم کے درمیان 77 رنز کی شراکت ہوئی اور حارث سہیل 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سعد نسیم نے 77 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جب کہ وہاب ریاض نے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/cricket-04.jpg

بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 2 جب کہ ناصر حسین، مشرفی مرتضیٰ، روبیل حسین اور عرفات سنی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے تمیم اقبال کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/cricket03.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/Q3.jpg

http://www.express.pk/wp-content/uploads/2015/04/hassena.jpg

بنگلہ دیش کی سیریز فتح کاجشن منانے والوں میں وزیراعظم شیخ حسینہ بھی موجود تھیں، وہ میچ کے دوران اسٹیڈیم کے ایک باکس میں بیٹھی ہر اچھے اسٹروک پر داد دیتی نظر آئیں، سعید اجمل کی گیند پر سنگل نے فتح کا سفر مکمل کیا تو وہ اپنی نشست سے اٹھ کر کھڑی ہوگئیں اور ملکی پرچم لہرانا شروع کردیا۔

بنگلادیش سے قومی ٹیم کی ذلت آمیز شکست کا ذمہ دارکون ہے؟

نتائج ملاحظہ کریں

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔