قوم کی بھابھی اور بہن ہونا خاتون اول سے زیادہ بڑا اعزاز ہے، ریحام خان

ویب ڈیسک  اتوار 19 اپريل 2015
این اے 246 کے امیدوار کی حمایت کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ میں سیاست میں آ رہی ہوں، اہلیہ عمران خان۔ فوٹو: فائل

این اے 246 کے امیدوار کی حمایت کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ میں سیاست میں آ رہی ہوں، اہلیہ عمران خان۔ فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ قوم کی بھابھی اور بہن ہونا خاتون اول ہونے سے بڑا اعزاز ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عمران اسماعیل کی حمایت کے لئے آئی ہوں، عمران اسماعیل ایک قابل اور شائستہ انسان ہیں، کراچی کے ضمنی انتخاب میں عوام کو پہلی مرتبہ اپنا حقیقی لیڈر منتخب کرنے کا موقع ملا ہے، این اے 246 کی عوام بہت با شعور ہے امید ہے کہ عوام تحریک انصاف کو ہی ووٹ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک ہی لیڈر ہے جو حق کیلئے آواز اٹھاتا ہے جو عمران خان ہیں، لیڈر وہ ہوتا ہے جو دوسروں کے لئے ایک مثال قائم کرے اور عوام کو منزل کی راہ دکھائے، عمران صاحب کراچی سے وزیرستان تک عوام کی آواز ہیں۔

ریحام خان کا کہنا تھا کہ میرا کام صرف اتنا ہے کہ عمران خان کے ساتھ رہوں اور جہاں بھی وہ جائیں میں ان کی حمایت کروں، این اے 246 کے امیدوار کی حمایت کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ میں سیاست میں آ رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خاتون اول تو آتی جاتی رہتی ہیں، اصل بات تو لوگوں کے دل جیتنا ہوتا ہے اور میرے لئے بہن اور بھابھی بننا زیادہ بڑااعزاز ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔