چین کے صدر ژی جن پنگ تاریخ ساز دورے پرآج پاکستان پہنچیں گے

ویب ڈیسک  اتوار 19 اپريل 2015
چین کے صدر کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ بھی عطا کیا جائے گا۔ فوٹو:اے ایف پی/فائل

چین کے صدر کو پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ بھی عطا کیا جائے گا۔ فوٹو:اے ایف پی/فائل

اسلام آباد: چین کے صدر 2 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچے گے جنہیں وزیراعظم نواز شریف اپنی پوری کابینہ کے ہمراہ ان کا استقبال کریں گے جب کہ اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

چین کے صدر ژی جن پنگ کا طیارہ جیسے ہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوگا تو پاک فضائیہ کے 6 طیارے اسے سلامی دیتے ہوئے نور خان ایئربیس اتاریں گے جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ وزیراعظم نواز شریف اپنی کابینہ سمیت مہمان چینی صدر کا استقبال کریں گے جب کہ اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود ہوں گے۔ چینی صدر کے  تاریخ ساز دورے کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں کو پاک چین دوستی کے بڑے بڑے ہورڈنگ سے سجایا گیا ہے، جی ٹی روڈ، موٹر وے اور مری روڈ کو بھی بند کردیا گیا ہے جب کہ 20 اور 21 اپریل کو ایئرپورٹ روڈ صبح 8 بجے سے دوپرہ 2 بجے تک بند رہے گی۔

چین کے صدر کے دورے کے حوالے سے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مہمان صدر کوایوان صدر میں خصوصی تقریب کے دوران پاکستان کاسب سے بڑا سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ سے نوازا جائے گا۔

چینی صدرکا یہ رواں سال کا پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا جب کہ  ان کے ہمراہ خاتون اول، وزرا، کمیونسٹ پارٹی کے رہنما، اعلیٰ سرکاری حکام اورسرمایہ کارکمپنیوں کے سربراہان بھی ہوں گے، صدرممنون حسین کی جانب سے چین کے ہم منصب کے اعزازمیں ظہرانہ بھی دیا جائے گا جس کے بعد چین کے صدر اور وزیراعظم نوازشریف باضابطہ مذاکرات کریں گے، اس کے علاوہ چین کے صدر ژی جن پنگ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔

چین کے صدر  سے چیرمین جوائنٹ چیفس آ ف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود،آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ایئرچیف مارشل سہیل امان اورنیول چیف ایڈمرل ذکا اﷲ سے بھی ملاقات کریں گے، پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، شاہ محمود قریشی اور چوہدری برادران بھی چین کے صدر سے ملاقات کریں گے جب کہ خصوصی دعوت ناموں کے علاوہ کسی بھی شخص، صحافی، سفارت کار اور بیوروکریٹس کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب اسلام آباد کی  انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درالحکومت میں واقع  تمام ہوٹل،ریستوران، شادی ہالزمعمول کے مطابق کھلے رہیں گے اورتجارتی سرگرمیاں، تقریبات اوردیگرامورمعمولات کے مطابق جاری رہیں گی، وزارت خارجہ ،اطلاعات ونشریات،داخلہ، خزانہ،منصوبہ بندی، پانی وبجلی اور پٹرولیم وقدرتی وسائل کے افسران کی چھٹیوں کے ساتھ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اورسینیٹ افسران اورمتعلقہ اہلکاروں کی بھی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔