مودی نے صنعت کاروں کے پیسوں کے بل پر انتخابات میں کامیابی حاصل کی، راہول گاندھی

ویب ڈیسک  اتوار 19 اپريل 2015
بھارتیوں کو احساس ہے کہ موجودہ حکومت غریبوں کی نہیں، راہول گاندھی فوٹو: فائل

بھارتیوں کو احساس ہے کہ موجودہ حکومت غریبوں کی نہیں، راہول گاندھی فوٹو: فائل

نئی دلی: بھارت میں کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی اور ان کے بیٹے راہول گاندھی نے بے جے پی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرکے انتخابی مہم میں صنعت کاروں سے لیا گیا قرض چکارہے ہیں۔

نئی دلی میں کسانوں کی ریلی سے خطاب کے دوران کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی نے انتخابی مہم کے دوران ’سب کا ساتھ سب کی ترقی‘ کا نعرہ دیا تھا لیکن وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ اور ہیں، اس کا ثبوت انہوں نے کسانوں کو تنہا کرکے دے دیا ہے،وہ مودی سرکار کو پیغام دینا چاہتی ہیں کہ اب بہت ہوچکا مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

سونیا گاندھی کے بیٹے اور کانگریس کے جنرل سیکریٹری راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارتیوں کو احساس ہے کہ موجودہ حکومت غریبوں کی نہیں بلکہ صنعت کاروں کی ہے۔ کسان اس ملک میں ترقی کی پہلی سیڑھی ہیں لیکن اسے نہیں معلوم کہ کب اس کی زمین چھین لی جائے گی۔ وزیراعظم نریندرمودی نے صنعت کاروں سے اربوں روپے کا قرض لے کر گزشتہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اب وہ یہ قرض بھارت کی بنیادوں کو کمزور کرکے چکائیں گے۔ اس کی ابتدا انہوں نے زمین سے متعلق گزشتہ حکومت کے بنائے گئے قانون کو کمزور کرکے کردی ہےاور دیگر کئی اقدام اٹھائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔