چینی صدر کے دورہ پاکستان پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 6 دہشت گرد گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 19 اپريل 2015
فورسز نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر حسن ابدال اورکوہاٹ میں کارروائی کرتے ہوئےدہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ فوٹو:فائل

فورسز نے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر حسن ابدال اورکوہاٹ میں کارروائی کرتے ہوئےدہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے چینی صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق چینی صدر ژی جن پنگ کل 2 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے جس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے چینی صدر کے لیے ایئرپورٹ سے لے کر ایوان صدر اور وزیراعظم ہاؤس تک لگائے جانے والے روٹ میں آنے والی آبادیوں اور راستوں کی متعدد بار چیکنگ کی جب کہ فورسز نے پہلے سے گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر حسن ابدال اور کوہاٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔

آپریشن سے متعلق ایک سکیورٹی اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ چینی صدر کے دورے سے 2 ماہ قبل ہی کالعدم تنظیموں اوران کے نیٹ ورک پر خصوصی نظر رکھی گئی تھی جب کہ  ان افراد کا پتا موبائل فون پر ہونے والی گفتگو اور خفیہ پیغامات کے ذریعے چلا جس کے بعد اُنہیں حراست میں لیا گیا۔

سیکیورٹی اہلکار کے مطابق چند روز قبل کی گئی کارروائی میں پہلے کوہاٹ سے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا اور پھر اُن کی نشاندہی پر حسن ابدال سے 2 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ان کے سہولت کار تھے۔

دوسری جانب چینی صدر کی کل آمد کے حوالے سے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت چینی صدر اور اُن کے وفد میں شامل افراد کی سکیورٹی کی ذمہ داری فوج کے 111 بریگیڈ کی ہوگی جبکہ رینجرز اور جڑواں شہروں کی پولیس بھی اس ضمن میں ان کی معاونت کرے گی اور ایئرپورٹ سے ملحقہ آبادیوں میں بھی سادہ لباس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔